بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی صارفین پر 47 ارب روپے کا مزید اضافی بوجھ ڈالنے کے لیے نیپرا میں درخوست دائر کردی
کیپسٹی چارجز کی مد میں 22 ارب 86 کروڑ روپے وصولی کی بھی درخواست

اسلام آباد( ویب  نیوز)

بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی صارفین پر 47 ارب روپے کا مزید اضافی بوجھ ڈالنے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں درخوست دائر کردی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا میں درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں اپریل تا جون 2024کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ مانگا گیا ہے۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 22 ارب 86 کروڑ روپے وصولی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔نیپرا میں دائر درخواست میں سسٹم کے استعمال کے چارجز کی مد میں 7 ارب 51 کروڑ روپے اور نقصانات کی مد میں10 ارب 80 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔نیپرا بجلی کمپنیوں کی درخواست پر 26 اگست کو سماعت کرے گی اور اگر نیپرا کی جانب سے یہ درخواست منظور کرلی جاتی ہے تو بجلی صارفین پر 47 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔حکومتی ملکیتی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 31 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی ہے، جس سے صارفین کو تقریبا 4 ارب 50 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، یہ پیسے رواں مالی سال کے بنیادی ٹیرف میں 20 فیصد اضافے کے ذریعے وصول کیے گئے تھے۔رپورٹ کے مطابق پاور ڈویژن کے ماتحت ادارے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے  ریگولیٹر کے سامنے باضابطہ درخواست دائر کی ہے، جس میں جولائی میں صارفین سے وصول کردہ 9.352 روپے فی یونٹ کے ریفرنس ٹیرف پر 31 پیسے فی یونٹ (کلو واٹ آور)کی کمی کی درخواست کی ہے۔#/S