اسلام آباد (ویب نیوز)

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا۔ چیئر مین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی صدارت میں ماہ مئی کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواستوں پرالگ الگ سماعت کی۔سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی نے 2 روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست کی جس پر نیپرا نے ڈسکوز صارفین کے لئے 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔دوسری جانب کے الیکٹرک کی 1روپے 49 پیسے اضافے کی درخواست کے برعکس 1 روپے 44پیسے اضافے کی منظوری دی گئی۔ماہ مئی کے لئے سرکاری ڈسکوز کے صارفین پر 23 ارب جب کہ کراچی والوں کے لئے 2 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، نیپرا اتھارٹی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔دوران سماعت اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہنے کے باوجود صارفین کو سستی بجلی فراہم نہیں کر پا رہے، روپیکی بے قدری اور مہنگا فرنس آئل صارفین کے لئے عذاب بن گیا ہے۔