صدر مملکت آصف علی زرداری کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات
ملاقات میں ملک کی مجموعی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد( ویب نیوز)
صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہفتے کوجمعیت علمائے اسلام پاکستان کے صدر مولانا فضل الرحمن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اورجمعیت علما اسلام کی قیادت بھی موجود تھی ملاقات میں ملک کی مجموعی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ..صدر پاکستان آصف علی زرداری کی سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر آمد ہوئی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، صدر مملکت نے آئندہ ہونے والی اہم قانون سازی پر اعتماد میں لیا، ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری ، مولانا اسعد محمود ، اسلم غوری ،انجینئر ضیاء الرحمان موجود تھے۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال کے علاوہ سیاسی روابط بحال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، مولانا نے عام انتخابات کے بعد اپنے تحفظات کا اظہار کرکے کچھ گلے شکوے کئے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے مولانا کے تمام تحفظات سن کر سیاسی تعاون طلب کیا، صدر آصف علی زرداری نے مولانا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا اظہار کیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، دونوں جانب سے روابط جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔