آصف علی زرداری نے 411  الیکٹورل ووٹ اورمحمود خان اچکزئی نے 181  الیکٹورل ووٹ حاصل کیے

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی صدر مملکت آصف زرداری سے کل چار بجے حلف لیں گے

 آصف علی زرداری پاکستانی تاریخ میں پہلے سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ اس عہدے کے لیے منتخب ہوئے ہیں

اسلام آباد( ویب  نیوز)

حکمران اتحاد کے امیدوار آصف زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔ صدارتی انتخاب میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کے مطابق آصف علی زرداری 411  الیکٹورل ووٹ لے کر دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہو گئے ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے 181  الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکے۔ آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ پر مشتمل پارلیمان سے 255 اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 119 ووٹ حاصل کیے۔ آصف علی زرداری نے الیکٹرول کالج کے پنجاب اسمبلی میں 246ووٹ حاصل کئے، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی  100ووٹ حاصل کر سکے۔ صدارتی الیکشن کے دوران کل 6 ووٹ مسترد ہوئے۔ پنجاب اسمبلی میں پریزائیڈنگ آفیسر نثار درانی نے صدارتی الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا۔پنجاب اسمبلی میں کل 353 میں سے 352 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ تحریک لبیک نے پنجاب اسمبلی میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، محمود خان اچکزئی کو خیبرپختونخوا اسمبلی سے 91  ووٹ ملے، جبکہ آصف علی زرداری کو 17 ووٹ ملے اور 1 ووٹ ضائع ہوگیا۔محمود خان اچکزئی کو 40.79 الیکٹورل ووٹ ملے، اور آصف علی زرداری نے 7.62 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔صدارتی انتخابات امیدوار آصف علی زرداری نے سندھ اسمبلی سے 151 ووٹ حاصل کیے۔سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدراتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے  09 ووٹ حاصل کئے۔ دو ووٹ عدالتی حکم کے باعث گنتی میں شمار نہیں کیا گیا۔بلوچستان اسمبلی میں آصف زرداری کے حق میں 47 ووٹ پڑے، جبکہ محمود خان اچکزئی کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔بلوچستان اسمبلی کے 65 میں 62 ووٹ قابل استعمال تھے۔ 65 میں سے 47 اراکین نے اپنا ووٹ استعمال کیا، جبکہ 15 اراکین نے ووٹ نہیں دیا۔صدارتی الیکشن میں ٹوٹل 696 الیکٹورل ووٹ ہیں۔ ان میں 336 قومی اسمبلی، 100 سینیٹ اور 65 ہر صوبائی اسمبلی کے ووٹ ہیں۔سینیٹ اور قومی اسمبلی میں 398 اراکین میں سے 381 نے ووٹ ڈالا۔ 17 اراکین نے ووٹ نہیں ڈالا۔نئے منتخب صدرِ مملکت کی حلف برداری کل ایوانِ صدر میں سہ پہر 4 بجے ہوگی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی نئے صدرِ مملکت سے حلف لیں گے۔اب تک صدر مملکت رہنے والوں میں 4 کا تعلق پنجاب، 3 کے پی کے، 4 کا سندھ اور ایک شخصیت کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا۔ پاکستانی تاریخ میں 13صدر گزرے ہیں جس میں پانچ فوج سے ایک بیوروکریٹ ایک سابق جج اور دیگر کا تعلق سیاست سے رہا ہے، اس میں فوج سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایک سے زائد مرتبہ صدر منتخب ہونے کا موقع ملا۔پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری دوسر ی مدت کیلیے صدر منتخب ہوگئے ہیں، یہ پاکستانی تاریخ میں پہلے سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ اس عہدے کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ وہ اس حوالے سے بھی منفرد ہیں کہ وہ دونوں مرتبہ منتخب رکن قومی اسمبلی تھے، وہ سندھ سے تعلق رکھنے والے پانچویں اور دوسرے بلوچی صدر بھی ہیں، فاروق خان لغاری بھی بلوچ تھے۔20 جون 2001 کو سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے صدر بننے سے مارچ 2024 آصف علی زرداری کے منتخب ہونے کے بعد گزشتہ 23 سال سے عہدہ صدارت صوبہ سندھ کی شخصیات کے پاس ہی رہا ہے۔