تاجر دھوکے میں نہ آئیں ، حکومت سے مذاکرات ناکام رہے، ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال ہو گی .صدر اسمال ٹریڈرز محمود حامد

جاوداں فہیم ودیگر کا مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف آج ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان

وسائل پر اشرافیہ کا قبضہ نا منظور…   ہڑتال  غریب عوام، تاجر،ٹرانسپورٹر سب کی آواز ہے،شمس شوانی

تاجروں کی آج (بدھ کو)ہونے والی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی تمام تیاریاں مکمل،خیبر سے کراچی تک شہر شہر ، گاوں گائوں شٹر ڈاون ہوگا
 کاشف چوہدری کا 28اگست کی شام تک تاجر دوست سکیم کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا الٹی میٹم
28اگست کی شام تک بجلی کے بلوں میں تیرہ قسم کے ٹیکسز ختم نہ کیے گئے تو تاجر غیر معینہ مدت تک شٹر ڈائون کریں گے
 صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی تاجر رہنمائوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس

اسلام آباد( ویب  نیوز)

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ تاجروں کی آج(بدھ کو) ہونے والی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی تمام تیاریاں مکمل،خیبر سے کراچی تک شہر شہر ، گاوں گائوں شٹر ڈاون ہوگا، ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگی حکومت نے شٹر ڈائون ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے ایڑھی چوٹی کا رو ز لگایا لیکن منہ کی کھانی پڑی حکومت نے مسائل کے حل کے بجائے ہر ضلع میں انتظامیہ کے ذریعے دباو ڈالنے کی کوشش کی لیکن مشرف کی آمریت کا مقابلہ کرنے والے تاجر خوف کی سیاست کو پروان چڑھانے والوں کے دباومیں نہیں آئے اور نہ ان کا خوف تاجروں کو ڈرا سکا،انتظامی مشینری کے استعمال میں ناکامی کے بعد برسر اقتدار جماعت کے پارلیمیٹرین بھی تاجروں پر دباو ڈالنے لگے اور ہر حلقے میں ان کے اراکین پارلیمنٹ اور وزرا تاجروں کو دباو میں لانے کیلئے کوشاں رہیں مجھے اپنے تاجروں پر فخر ہے کہ وہ دباوکو خاطر میں نہ لائے میرا تاجر کسی کے دباو میں نہیں آئیگامطالبات کی منظوری تک کوئی مذاکرات نہیں ہونگے اور آج (بدھ )کی کامیاب ملک گیر کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ہوگا۔تاجروں کی شٹر ڈائون ہڑتال کو عوام کی بھرپور تائیدحاصل  ہے ہم تاجروں کے ساتھ ساتھ قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔آج شام تک تاجر دوست سکیم کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا اور بجلی کے بلوں میں تیرہ قسم کے ٹیکسز ختم نہ کیے گئے تو تاجر غیر معینہ مدت تک شٹر ڈائون کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو چاروں صوبوں کے دوروں اور تاجروں کے مشاورت کے بعد تاجر رہنمائوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں کے اتحاد و اتفاق سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسی لئے دھونس ، دباو اور خوف کی سیاست سے تاجروں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم کسی دباو میں نہیں آئیں گے ، شٹر ڈاون ہڑتال تجارت اور معیشت بچانے کا پیش خیمہ ثابت ہوگی،شٹر ڈائون ہڑتال تاجر دوست سکیم کے خاتمے اور بجلی و گیس کے بلوں میں ٹیکسز کے خلاف ہے ،آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی نہ ہوئی تو ہڑتال جاری رہے گی شٹر ڈاون ہڑتال عام کے غیض و غضب کا اظہار ہے ، کاشف چوہدری نے کہا کہ عوام ، تاجر اور صنعت کار قربانیاں دے دے کر تھک چکے ہیں اب جن کی ٹینکوں سے اربوں روپے نکلتے انہیں قربانی دینا ہوگی ،و لانچوں کے ذریعے پیسہ بیرون ملک بھجواتے اب قربانی کا وقت ان کا ہے دبئی لیکس میں جن جرنیلوں ، بیوروکریٹس ، ججز ، اشرافیہ کے نام آئے انہیں قربانی دینا ہوگی ، جنہوں نے لندن سے پیر س تک محلات بنائے ان کی قربانی کا وقت آگیا جن کے نام دبئی لیکس یا کسی اور لیکس میں آئے ان میں خواہ جرنیلوں ، ججز ، بیوروکریٹس کو قربانی دینا ہوگی ان کی جائیدادیں ضبط کر کے قرض اتارنا ہوگا ، کاشف چوہدری نے کہا کہ عوام ان کی عیاشیوں کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے ،پاکستان میں بچے کے پیدائش کے وقت استعمال ہونے والے سامان سے لیکر موت کے وقت کفن کے کپڑے تک کا عوام ٹیکس دے رہے ہیں یہ حکمران عوام سے اور کتنا ٹیکس لیں گے ، عوام ٹیکسز کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتے۔کاشف چوہدری نے کہا کہ دھوکے پر مبنی تاجر دوست سکیم کسی صور ت قابل قبول نہیں ہے تاجر بچوں کی فیس نہیں دے سکتے ، کنبے کا علاج نہیں کرا سکتے زائد ٹیکس کیسے دے  انہوںنے کہا کہ حکمران ملک اور معیشت نہیں چلا سکتے تو تاجر اور صنعت کار معیشت کو درست کرنے کو تیار ہیں ہم ملکی معیشت کوٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھانے کو تیار ہیں ۔کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت کے ٹاوٹ ، حکومتی مراعات حاصل کرنے والا نام نہاد مافیا تاجر نہیں ،حکومتی مراعات استعمال کرنے والے اور خود کو تاجر کہنے والے مذاکرات کا شوشہ چھوڑ رہے جس میں کوئی صداقت نہیں ۔قوم مسیحا کی منتظر ہے ، تاجر قوم کے درد کی آواز بنا 28اگست تک مطالبات نہ مانے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، کاشف چوہدری  نے بتایا کہ تاجر دوست اسکیم پر گزشتہ ڈیرہ مہینہ جاری رھنے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد 12 اگست کو ملک گیر شٹرڈاون ھڑتال کا اعلان کیا ۔کٹھ پتلیوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے ھڑتال سے ایک دن قبل ایف بی آر کے مذاکرات کیلئے بلانے پر تاجر قائدین وقت کا ضیاع نہیں کر سکتے ۔حکومت سنجیدہ ہے تو تاجر دوست اسکیم کی واپسی اور بلوں پر لگائے گئے ٹیکسز ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے یہ مطالبات پورے ہوتے ہیں تو پھر چارٹر آف ڈیمانڈ کے دیگر نکات پر مذاکرات کرنے پر غور کر سکتے ہیں تاجر دوست اسکیم میں لگائے ٹیکس کو ریویو کرنے کا اختیار چیف کمشنرز کو دینے کی تجویز کو نہیں مانتے ،ماھانہ کی بجائے سہ ماہی بنیادوں پر ایڈوانس ٹیکس جمع کروانے کی تجویز بھی ناقابل قبول ھے ۔حکومت کی طفل تسلیاں  اور جھوٹے وعدے تاجروں کو ھڑتال سے پیچھے نہیں ھٹا سکتے ۔28اگست کو ملک کے تمام چھوٹے ،بڑے شہروں اور دیہاتوں میں بھی کاروبار مکمل بند رھیں گے ۔ تاجر اپنے کاروباروں کو بچانے ،صنعتوں کو چلانے اور معیشت کے تحفظ کیلئے مکمل ھڑتال کریں گے اور عوام نے اس ہڑتال کی حمایت کی ہے ۔اس موقع پر دیگر تاجر رہنماوں نے بھی خطاب کیا
#/S

 

 کراچی( ویب  نیوز)

آل پاکستان آرگنائزیشن اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا ہے کہ تاجر کسی دھوکے میں نہ آئیں، اب تاجر کسی لولی پاپ کے چکر میں آنے والے نہیں ہیں،حکومت نے ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے اجلاس رکھا تھا اور حکومت کے ایجنٹ یہ دعوے کررہے تھے کہ مسئلہ حل ہو جائے گا لیکن مذاکرات ناکام ہوگئے ہیںلیکن چند لوگ تاجروں کو دھوکا دینے میں لگے ہوئے ہیں، تاجر کسی کی باتوں میں نہ آئیں،بدھ 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی، تاجر شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے ثابت کردیں کہ ہم کسی سرکاری گماشتوں کی باتوں میں آنے والے نہیں ہیں اور تاجر پیغام دیں گے کہ کراچی سے خیبر تک ہم متحد ہیں اور اپنے مطالبات کی منظوری ، آئی پی پیز کے خاتمے، کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور تاجر دوست اسکیم کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔محمود حامد نے مزید کہا کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال پر مختلف تاجر ایسوسی ایشنز نے حمایت کا اعلان کیا ہے جن میںانجمن تاجران ِ پاکستان ،کراچی الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن ، پاکستان اسمال پرنٹنگ ایسوی ایشن ، اولڈ سٹی الائنس ، کراچی زرگراں الائنس ، صدر الائنس آف مارکیٹ ایسوسی ایشن ، بولٹن مارکیٹ ٹریڈرز اتحاد ایسوسی ایشن ، لیاقت آباد مارکیٹ ایسوسی ایشن، لیاقت آباد الیکٹرانکس مارکیٹ ، کریم آباد مینا بازار ایکشن کمیٹی ، ایل پی جی ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، طارق روڈ ٹریڈ ایسوسی ایشن ، کراچی موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن ، تاجران اتحاد کراچی ، تاجر کاغذی بازار کراچی ، آل پاکستان ٹریول اینڈ ٹورز ایسوسی ایشن ، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن ، پاکستان کنفکشنری ایسوی ایشن ، لی مارکیٹ تاجر ایسوسی ایشن ، صدر کوآپریٹو مارکیٹ ایسوسی ایشن ، کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن ، لیاقت مارکیٹ ملیر ٹریڈرز اتحاد ،انجمن تاجران قائد آباد،، انجمن دکانداران بابر مارکیٹ ،سندھ تاجر اتحاد ، انجمن تاجران سندھ ،آل کراچی تاجر الائنس ، ڈیفنس ٹریڈرز اتحاد ، اردو بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن و دیگر شامل ہیں ۔#

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے شٹر ڈائون ہڑتال کی حمایت کردی

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس پریزیڈینٹ شمس شوانی نے کہا ہے کہ ہم 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال جو کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن اور تاجر برادری کی اپیل پر کی جارہی ہے’ مکمل ہمایت کا اعلان کرتے ہیں اور آئل ٹینکر ٹرانسپورٹ سے وابستہ تمام افراد بدھ 28 اگست کو ٹرانسپورٹ بند کر کے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے کیونکہ یہ ہڑتال بھاری بھر کم ٹیکسوں اور بجلی کے ظالمانہ بلوں کے خلاف ملک کے غریب، مجبور محروم عوام، تاجر،ٹرانسپورٹر اور ہر طبقہ فکر کی آواز ہے۔#

جاوداں فہیم ودیگر کا مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف آج ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان

28 اگست کی ہڑتال عوام کے حقوق کی آواز بنے گی،تاجر صنعت کار وکلاء طالب علم سب عظیم الشان ہڑتال کرکے ثابت کریں گے کہ انہیں پاکستان کے وسائل پر اشرافیہ کا قبضہ منظور نہیں۔آئی پی پیز کا ظالمانہ سسٹم اب ختم ہونا چاہئیے مہنگی بجلی اور گیس نے وسائل سے مالا مال پاکستان کو خسارے میں ڈال دیا ہے۔مزدور اور ہنر مند ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔معیشت کا پہیہ جام ہے ،صنعتیں بند ہو رہی ہیں ۔یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو نچوڑنے اور حکومت کرنے کی پالیسی کو بزور روکا جائے۔انہوں نے تمام حلقہ فکر کے مرد و خواتین سے کہا کہ باشعور اور ترقی پسند دیانت دار قیادت کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دیں اور ہمارے ہاتھ مضبوط کریں۔اگر انہی حکمرانوں کا تسلسل رہا تو یہ رہے سہے ملک کو بھی لوٹ کھسوٹ کر کھا لیں گے اور عوام ظلم کی چکی میں پستی رہے گی ناظمہ کراچی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی دبنگ قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے بے انصافی کو بے نقاب کیا ہے پورے پاکستان کے عوام انکے ساتھ ہیں اور انکے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔#

 مولانا فضل الرحمان کا28 اگست کو تاجروں کی شٹرہڑتال کی حمایت کا اعلان
جے یو آئی کارکناں پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 28 اگست کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ  مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ،تاجروں کی ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔مولانا فضل الرحمان۔مولانا فضل الرحمان آئی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے ۔جے یو آئی کارکناں پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں ۔مولانا فضل الرحمان  نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں جے یو آئی بزنس فورمز اس ہڑتال میں بھر پور حصہ لیں ۔دریں اثنا  مولانا فضل الرحمن  نے جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ میں اہم اجلاس میں شرکت کی ۔مولانا  سید محمود میاں کی زیر صدارت مجلس ختم نبوتۖ اور جے یو آئی راہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 7 ستمبر گولڈن جوبلی ختم نبوتۖ کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ ترجمان جے یو آئی پنجاب کے مطابق اجلاس میں کانفرنس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔مولانا فضل الرحمن نے کانفرنس کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں مولانا اللہ وسایا بھی شریک تھے۔جب کہ مولانا فضل الرحمان  نے  لاہور میں سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین  سے ملاقات بھی کی۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، چودھری وجاہت حسین بھی موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ۔