خیبر پختونخوا: وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام سمیت 25 دہشت گرد ہلاک،چار جوان شہید
خفیہ اطلاعات پرآپریشن میںفتنہ خوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے،آئی ایس پی آر
راولپنڈی ( ویب نیوز)
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکرِ اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس کے حامیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام بھی شامل ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران فورسز کے4 جوان بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، اس دوران فتنہ خوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشنز کے دوران، چار بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کو پہنچنے والا بھاری نقصان سیکیورٹی فورسز کے عزم اور دہشت گردی کے خاتمے کے عہد کا ثبوت ہے،واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان میں مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، آپریشن کے دوران 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔