مہنگی بجلی، ٹیکسز کیخلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر تاجروں کا ملک گیر شٹرڈاون، کاروبار ٹھپ، مارکیٹیں بند
چاروں صوبوں میں اکثر بازار ،مارکٹیں اور شاپنگ سنٹرز بند رہے
اسلام آباد، کراچی، لاہور، فیصل آباد ،راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ ، ملتان ،حیدرآباد، سکھر، گوجرانوالہ اوردیگر تمام بڑے چھوٹے شہروں میں کاروباری مراکز اور سرگرمیاں معطل رہیں
شٹرڈائون ہڑتال جماعت اسلامی یا تاجروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہڑتال تھی،حافظ نعیم الرحمان
ہڑتال کی حمایت کرنے پر تمام طبقہ ہائے فکر کے افراد کا اظہار تشکر، تاجر تنظیموں کے رہنمائوں، ورکرز اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو مبارک باد دی
اسلا م آباد( ویب نیوز)
امیرجماعت اسلامی اور تاجروں کی اپیل پر سیلز ٹیکس اور تاجر دوست سکیم کیخلاف ملک بھر میںبدھ کو مکمل شٹرڈاون رہاجبکہ متعدد مقامات پراحتجاج بھی کیا گیا شٹر ڈاون ہڑتال کے باعث ملک بھر میں شہر شہر بازار، مارکیٹیں، شاپنگ سنٹرز بند ر رہے،، تاجروں کی جانب سے تاجر دوست سکیم اور ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایف پی سی سی آئی ، جے یو آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا تھا،ملک کے چاروں صوبوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چاروں صوبوں میں اکثر بازار ،مارکٹیں اور شاپنگ سنٹرز بند رہے،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر بدھ کو ملک گیرشٹرڈائون ہڑتال ہوئی،اسلام آباد، کراچی، لاہور، فیصل آباد ،راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ ، ملتان ،حیدرآباد، سکھر، گوجرانوالہ اوردیگر تمام بڑے چھوٹے شہروں میں کاروباری مراکز اور سرگرمیاں معطل رہیں ۔تاجروں، دکانداروں، صنعت کاروں، چیمبرز آف کامرس اور نے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال کو کامیاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شٹرڈائون ہڑتال کو جماعت اسلامی یا تاجروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہڑتال قرار دیا۔ انہوں نے عوام، تاجروں، علمائ، سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والی خواتین ، نوجوانوں، طلبا اور ہڑتال کی حمایت کرنے پر تمام طبقہ ہائے فکر کے افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر تاجر تنظیموں کے رہنمائوں، ورکرز اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو مبارک باد دی،وفاقی دارلحکومت میں مہنگی بجلی ، اضافی ٹیکسز ، مہنگائی ، پٹرول ، گیس کی بڑھتی قیمتوں اور آئی پی پیز کے متنازع معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی اور تاجرتنظیموں کی کال پر کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی ۔ تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز مارکیٹوں ، بازاروں جبکہ رہائشی علاقوں میں موجود کاروباری مراکز میں بھی دکانیں اور پلازے بند رہے کارباری سرگرمیاں معطل رہیں ۔ تاجر رہنماؤں کاشف چوہدری ، اجمل بلوچ اور دیگر نے مختلف تجارتی مراکز کے دورے کئے ۔ اسلام آباد کے تمام اہم تجارتی مراکز جی سیون ،آئی نائن ،آئی ٹین اسی طرح سپر مارکیٹ ، آب پارہ مارکیٹ ، میلوڈی ، جناح سپر ، بارہ کہو ، کراچی کمپنی ، بنی گالہ ، راول ٹاؤن ، شکریال ، کھنہ پل ، صادق آباد ، ترامڑی ، مری روڈ ، ایکسپریس وے ، مارگلہ روڈ ، سری نگر ہائی وے سے ملحقہ علاقوں میں کمرشل و تجارتی مراکز بھی مکمل طور پر بند رہے ۔ جگہ جگہ بینرز اور پلے کارڈز آویزاں تھے پہلا موقع تھا جب ہوٹل اور فوڈ چین کی دکانیں بھی بند رہیں ۔ مارکیٹیں ، پلازے ، تجارتی مراکز ویران پڑے رہے اور دکاندار سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے ۔ ہڑتال کے موقع پر ڈی چوک میں یوٹیلٹی سٹورز کارپویشن کے ملازمین کا دھرنا بھی جاری رہا ۔ہڑتال کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کاشف چوہدری، صدرمرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے بلیو ایریا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال نے حکومتی معاشی پالیسوں پر عدم اعتمادکردیا حکومت کو واضح پیغام دیدیا کہ تاجر متحد ہیں ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت دانوں نے مشورے دے کر ملک تباہ کر دیا۔ان کا کہنا ہے کہ ہڑتال کر کے تاجروں نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ تاجروں کی ہڑتال ہے کسی جماعت کی نہیں، حکومت کا ویلیو ایشن ٹیبل قابل عمل نہیں ہے۔ ویلیو ایشن ٹیکس واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو 22 ہزارمیگا واٹ بجلی چاہیے، جتنے یونٹ بجلی استعمال ہو اتنا بل لیا جائے، لیکن ہم سے بل 44 ہزار میگاواٹ کا لیا جا رہا ہے۔ ہم 6 ماہ سے کہہ رہے تھے کہ بات کی جائے لیکن مری میں تاجروں کی دکانیں گرائی جارہی ہیں، صورت حال بہتر نہ ہوئی تو اگلا لائحہ عمل دیں گے۔اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ریلیف دیا وزیرِ اعظم نے بجلی میٹر پر ہزار روپے کرایہ لگا دیا، ممبران اسمبلی کو ڈیولپمنٹ فنڈ دیا تو ہم احتجاج کریں گے،بدھ کے روز ملک گیر ہڑتال کی کال کا خیر مقدم کرتے ہوئے راولپنڈی کی تاجر برادری نے مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کی ۔ملک بھر کے تاجروں کی طرح فوڈ سیکٹر سے منسلک تاجروں نے بھی مکمل طور پر پرامن کامیاب شٹر ڈان ہڑتال کی۔ تاجروں کی کثیر تعداد کاروباری مراکز بند کرکے سڑکوں پر نکل آئی۔جنھوں نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔جن پر حکومت کے ظالمانہ اقدامات ،اضافی ٹیکسز، محدود وسائل اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔تاجر برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر غیر ضروری ٹیکس کا بوجھ کم نہ کیا گیا، مہنگائی ختم نہ کی گئی،پانی،بجلی اور سوئی گیس کے بلوں سے اضافی ٹیکسز حذف نہ کیے گئے تو تاجر اور عوام اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔ہم خبر دار کرتے ہیں کہ حکمران اپنی ظالمانہ کارروائیوں سے باز آجائیں، ورنہ ہمارے ووٹ سے ایوانوں میں بیٹھنے والے حکمرانوں کو ایوانوں سے باہر نکالنا بھی ہم بخوبی جانتے ہیں۔چاندنی چوک مری روڈ پر ہونے والے پر امن احتجاج کی قیادت راولپنڈی ریسٹورنٹس کیٹررز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کیصدر محمد فاروق چوہدری ، چئیرمین ممتاز احمد نے کی۔ جس میں ملک شاہد غفور پراچہ صدر انجمن تاجران پنجاب نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی، علاوہ ازیں فوڈ سیکٹر سے منسلک تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری اور چیئرمین ممتاز احمد نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی پر امن ہڑتال حکومت کی بلاجواز انتقامی کارروائیوں سے تنگ آکر کی گئی ہے۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹیکس ، بجلی کے بل اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال کی کال پر شہرکی بیشتر مارکیٹس میں دکانیں بند رہیں،پنجاب کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروںمیں مہنگائی اوربجلی بلوں کے خلاف تمام مارکیٹیں مکمل بند رہیں،جماعت اسلامی کی اپیل پر ہڑتال میں مرکزی انجمن تاجران، کریانہ اور پیسٹی سائیڈ ایسوسی ایشن، مرکزی تنظیم تاجران اور دیگرشامل تھیں،امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرملک گیرشٹرڈاون ہڑتال کے موقع پر فیصل آباد چوک گھنٹہ میں لگائے کیمپ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ ملک گیر کامیاب ہڑتال عوامی ریفرنڈم ہے اور پوری قوم کا حکمرانوں پر عدم اعتمادکااظہار ہے،اب حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دیناپڑے گا، انتظامیہ کی شہ پرایک نام نہادتاجرخودساختہ تاجرراہنمانے شہرکے امن و امان کی فضاکوخراب کرنے کی کوشش جس کوجماعت اسلامی کے کارکنوں نے اپنی حکمت عملی سے ناکام بنادیا۔پولیس کا جماعت اسلامی کے کارکنوں پر تشدد، پکڑدھکڑاورگاڑیوں کی توڑپھوڑ افسوسناک ہے، بوکھلائی ہوئی انتظامیہ شہرکاامن خراب کرنا چاہتی ہے۔حافظ نعیم الرحمن 4اکتوبرکو تاجروں اور سول سوسائٹی کا شکریہ اداکرنے کیلئے خودفیصل آباد آئیں گے۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار میاں انوارالحق،سابق صدر چیمبرراناسکندر اعظم ،صدرسمال چیمبرمیاں شفیق،سردارظفرحسین،شیخ مشتاق، خالدمحمودچوہدری، میاں اعجازحسین، رانا عدنان،اجمل بدر،افضال شاہین،خالد فخر سمیت جماعت اسلامی کے کارکن اور تاجرموجود تھے۔محبوب الزماں بٹ نے کہاکہ حکومت نے شٹر ڈان ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے ایڑھی چوٹی کا رو ز لگایا لیکن منہ کی کھانی پڑی حکومت نے مسائل کے حل کے بجائے شہربھر میں انتظامیہ کے ذریعے دبا ڈالنے کی کوشش کی لیکن مشرف کی آمریت کا مقابلہ کرنے والے تاجر خوف کی سیاست کو پروان چڑھانے والوں کے دبامیں نہیں آئے اور نہ ان کا خوف تاجروں کو ڈرا سکا،بعدازاں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے گرفتارساتھیوں کی رہائی کیلئے تھانہ کوتوالی کے سامنے دھرنا دیا۔بارش اور گرمی کے باوجود کارکن ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ کی قیادت میں تھانہ کے سامنے موجود رہے۔بعد میں صدر ڈسٹرکٹ بارمیاں انوارالحق کی معاونت سے انتظامیہ نے مذاکرات کے بعد کارکنوں کو رہاکرنے کا اعلان کردیا جس پردھرناختم کردیاگیا، کراچی میں چھوٹی بڑی مارکیٹیں بندر ہیں، جبکہ شیر شاہ اور مومن آباد میں مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف تاجروں نے احتجاج کیا گیا اور کئی مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کردیے۔سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں پر ٹائر بھی نذر آتش کیے گئے۔پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے بھی جماعت اسلامی اور تاجربرادری کی ملک گیرہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔چیئرمین آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ یہ ہڑتال بھاری بھرکم ٹیکسز اور بجلی کے ظالمانہ بلوں کے خلاف ہے، یہ کسی فرد واحد کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس سے ہرپاکستانی متاثر ہے،سندھ کے ضلع بدین سمیت گولارچی ٹنڈو باگو ماتلی تلہار میں بھی کاروباری مراکز بند رہے،بلوچستان میں بھی شٹرڈاون رہا،صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں مکمل شٹر ڈاون رہا، شہر میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند رہیں،صدر انجمن تاجران نے بتایا کہ ہڑتال زائد ٹیکسز کے خلاف کی جا رہی ہے، دیگر ممالک میں تاجروں کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے، پاکستان میں تاجروں پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔صدر انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ زائد ٹیکسز کی وجہ سے تاجر برادری ملک چھوڑ کرجا رہی ہے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستانمولانا عبدالحق ہاشمی ،جنرل سیکرٹری زاہداختر بلوچ،امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی ،نائب امیر صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر نے کہاکہ گوادر سے ژوب تک کامیاب ہڑتال حکومتی اقدامات پر عدم اعتمادہے پورے ملک کے عوام جماعت اسلامی کے حق دو عوام تحریک کے پشت پہ ہیں حکومت کو ہر صورت عوام کو ریلیف دینا ہوگا عوام تاجروں سمیت تمام طبقات کا شکریہ اداکرتے ہیں یہ ہڑتال تاجروں دکانداروں اورعوام نے ملکر کامیاب بنایا ۔ تاجر برادر نے ملک وقوم کے غم کو محسوس کرکے ایک دن کی ہڑتال کی قربانی دیکر بہت اہم کارنامہ سرانجام دیا جماعت اسلامی وعوام تاجروں دکانداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جماعت اسلامی نے پورے ملک وبلوچستان بھر میں تاجروں کے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے مرکز سے زون ویونٹ تک منصوبہ بندی کرکے ہڑتال کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا ،اسی طرح خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت دیگر اضلاع میں کاروباری مراکز بند رہے ،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی ٹیکسز اور بجلی کے بلوں کے خلاف بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال رہی،امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پورے ملک کی طرح پشاور ڈویژن، ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن اور جنوبی اضلاع بشمول ضم شدہ قبائلی اضلا ع میں بھی مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف شٹر ڈاون ہڑتال ہوئی۔ تاجر تنظیموں نے صوبے بھر میں دکانوں اور مارکیٹوں کو مکمل طور پر بند رکھا۔ پشاور میں شٹر ڈاون ہڑتال کے موقع پر مختلف بازاروں کے دورے کے بعد جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کامیاب ہڑتال حکمرانوں کے لیے نوشتہء دیوار ہے۔ حکمران نوشتہء دیوار پڑھ لیں، یہ آغاز ہے، حکمران برے انجام سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ پالیسیاں تبدیل کرلیں۔ ٹیکس کے نظام میں بنیادی تبدیلی لائی جائے، آئی پی پیز کو بلایا جائے اور جو بجلی نہیں بنا رہے ان سے معاہدے منسوخ کیے جائیں۔ مستقبل میں آئی پی پیز کا نظام سرے سے ختم کیا جائے۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میںواضح کیا کہ آج کی ہڑتال کے بعد بھی حکومت پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے دبائو کا سلسلہ نہیں رکے گا۔انھوں نے پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں مارکیٹوں کو زبردستی کھلوانے کے عمل کی مذمت کی اور تاجر تنظیموں کی تحسین کی کہ انھوں نے ایسے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا۔ انھوں نے کراچی چیمبر آف کامرس کا ہڑتال کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں اور ورکرز کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کے اعلان کو بھی خوش آئند گردانتی ہے، انھوں نے واضح کیا کہ حکومت کو ہر حال میں عوا م کو ریلیف دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسے حکمرانوں سے نجات دلانی ہو گی جو اپنی مراعات اور عیاشیاں اور آئی پی پیز کا دھندہ بند کرنے کو تیار نہیں اور 25کروڑ لوگوں کا خون نچوڑنے پر بضد ہیں۔دریں اثنا رحیم یار خاں، ساہیوال، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہائو الدین، لیہ، بھکر، میانوالی، گجرات، جہلم، مردان، نوشہرہ، صوابی، سوات، دیر، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خاں، کرک، چارسدہ، جنوبی وزیرستان، نواب شاہ، لاڑکانہ، خیرپور، بدین، سکرنڈ، جعفرآباد، پشین، خضدار، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ الہ یار، لورالائی میں جماعت اسلامی کی اپیل پر کامیاب شٹرڈائون ہوا، تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے، جماعت اسلامی کے مقامی قائدین اور کارکنان نے میڈیا کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور کامیاب ہڑتال پر تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔