غزہ پر اسرائیلی حملوں میں گزشتہ گھنٹوں میں27 فلسطینی شہید
مسلسل 337 ویں روز بھی فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری
غزہ ( ویب نیوز)
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں گزشتہ گھنٹوں میں27 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔ ان میں سے 2 خواتین اور 2 بچے النصیرات کیمپ میں 8 لوگ غزہ شہر میں شہید ہوئے۔ جبکہ باقی غزہ کے نواحی علاقوں میں قتل کیے گئے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے یہ قتل پولیو مہم کے دوران کیے گئے حالانکہ اس مہم کے دوران جنگ کو کچھ دیر کے لیے روکا گیا تھا۔ ہفتے کو فلسطینیوں کی نسل کشی کا مسلسل 337 واں روز ہے۔قابض فوج نے آج صبح غزہ میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے مزید وحشیانہ حملے کیے ہیں قابض طیاروں اور توپ خانوں نے آج ہفتے کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری کی جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔آج ہفتے کی صبح سے لے کر اب تک قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں کئی قتل عام کیے ہیں، جن میں سے زیادہ تر خیموں اور رہائشی علاقوں میں بے گھر افراد کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ کے مغرب میں الحسینہ کے علاقے پر بمباری میں پانچ شہری شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے بریج پناہ گزین کیمپ کے داخلی دروازے پر آج صبح سویرے عید خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی بمباری میں غزہ شہر کے مغرب میں النصر محلے میں الغرابوی بلڈنگ میں عوض اللہ خاندان کے رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں بچے بھی شامل ہیں۔قابض فوج نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے پر دوبارہ بمباری کی، جب کہ ہیلی کاپٹروں نے شہر کے جنوب میں تل الھوی پر فائرنگ کی۔قابض اسرائیلی فوج نے ہفتے کی صبح سویرے شمالی غزہ کی پٹی میں بے گھر ہونے والوں پر مشتمل ایک سکول پر بمباری کرکے قتل عام کیا۔سول ڈیفنس نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ میں بے گھر ہونے والے حلیمہ السعدیہ سکول پر بمباری کے نتیجے میں 4 افراد شہید اور 19 زخمی ہوئے۔قابض اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے جنوب میں یونیورسٹی کالج کے آس پاس کے الصبرہ محلے کے جنوب میں عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔قابض توپخانے نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر رفح کے شمال مغربی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید بمباری شروع کی۔النصر میں واقع الغرابوی بلڈنگ میں عوض اللہ خاندان کے رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔