پی ٹی آئی کا 28 ستمبر ہفتہ کو راولپنڈی میں جلسہ عام منعقدکرنے کا اعلان
کورکمیٹی کی مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف
الیکشن کمیشن اپنی آزاد حیثیت سے سمجھوتہ کر چکا ہے۔بیرسٹر گوہرخان
اسلام آباد ( ویب نیوز)
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرخان نے کہا ہے کہ 28 ستمبر بروز ہفتہ کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے جس کے این او سی کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے،جس امیدوار کو پارٹی نامزد کرے گی، وہ ہمیشہ پارٹی کا امیدوار ہی مانا جائے گا،پارٹی کورکمیٹی نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف کی ہے ،الیکشن کمیشن اپنی آزاد حیثیت سے سمجھوتہ کر چکا ہے۔خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا، آج کے فیصلے میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی آزاد حیثیت سے سمجھوتہ کر چکا ہے اور اس نے 41 میں سے 40 امیدواروں کے حلف نامے وصول کر لیے ہیں، مگر نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جس امیدوار کو پارٹی نامزد کرے گی، وہ ہمیشہ پارٹی کا امیدوار ہی مانا جائے گا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہیں، اس میں عوام کے ووٹ کا ذکر کیا گیا ہے، اس فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا۔انہوں نے کسی بھی غیر قانونی ترمیم کی مخالفت کا عزم ظاہر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 28 ستمبر بروز ہفتہ راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کہنے پر جلسہ کیا جائے گا، جس کے لیے این او سی کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔