پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ نے باکل ٹھیک موقف اختیار کیا ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان
مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر جانبدار ایمپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی فائز عیسیٰ دوسرا بلے باز ہے، تھرڈ ایمپائر کو بھی توسیع ملے گی
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ خود قاضی فائزعیسیٰ نے بنوایا اور پھر تبدیل کر دیا ، چیف جسٹس اس قانون سازی سے اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم کر نا چاہتا تھا
بدقسمتی ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں ، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں، یہ صرف ہمارے ملک میں ہوتا ہے،میڈیاسے گفتگو
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ نے باکل ٹھیک موقف اختیار کیا ہے، بدقسمتی ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں ، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں ۔بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر جانبدار ایمپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی فائز عیسیٰ دوسرا بلے باز ہے ، ان کی تمام حرکات مفادات کا ٹکرائو ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ انہیں دو تہائی اکثریت مل جائے اور ایمپائروں کو توسیع ملے، واضح ہو گیا کہ قاضی فائز عیسیٰ لندن پلان کا حصہ تھا ، اس نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری نو مئی اور 8 فروری کی درخواستیں قاضی فائز عیسیٰ نے نہیں سنیں بلکہ اس نے ہماری چار نشستیں کم کر دیں، ہر حربے کے ذریعے ہماری نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے، ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ تھرڈ ایمپائر ان کی پشت پر ہے اس کو بھی توسیع ملے گی، یہ ایک گروپ بنا ہوا ہے، نیب ترامیم کا کیس چل رہا تھا تب بھی کہا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا، الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینا انکی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہو چکا ہے سارے پردے ہٹ چکے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ زبردست ججز راستے میں آئے مگر ان کو ہٹا دیا گیا ، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی کو قاضی فائز عیسیٰ نے باہر کر دیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ خود قاضی فائزعیسیٰ نے بنوایا اور پھر تبدیل کر دیا ، چیف جسٹس اس قانون سازی سے اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم کر نا چاہتا تھا، اس قانون سازی سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے حوالے سے منصور علی شاہ نے بالکل ٹھیک موقف اختیار کیا۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملے کے خلاف جمعرات احتجاج کریں گے ، جمعہ کو ہمارا اپنا احتجاج ہے اور ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے ، اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے، ماتحت عدلیہ مکمل طور پر ان کے کنٹرول میں ہے، جو جج کنٹرول نہیں ہوتا اس کو ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، جج نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ دینے لگا تو اس کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں ، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں، یہ صرف ہمارے ملک میں ہوتا ہے حالانکہ انکا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوتا ، پاکستان مکمل طور پر پولیس سٹیٹ بن چکا ہے، یہ وہ مارشل لا ہے جو ضیا اور مشرف کے مارشل لا سے بھی سخت ہے، مشرف کے دور میں بڑے بڑے جلسے کئے لیکن کبھی ہمارے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔