• سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ، اٹارنی جنرل کو پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ منگل تک جمع کرانے کا حکم
  • ہر مقدمہ اہم ہوتا ہے، یہ تعین کیسے ہوگا کہ کون سا کیس فل کورٹ سنے،جسٹس عائشہ ملک
  •  کیا آپ نے دستاویزات جمع کروا دی ہیں،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا اٹارنی جنرل سے استفسار
  •  توقع ہے منگل تک پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ مل جائے گا،اٹارنی جنرل کا جواب
  •  آرٹیکل 91 کے ہوتے ہوئے ایسی قانون سازی کیسے ہو سکتی ہے؟۔جسٹس مظاہر علی نقوی
  •   رولز آئین و قانون کے مطابق بنانے کی شق برقرار رکھی گئی،اٹارنی جنرل
  • فل کورٹ کا جواب خود پارلیمنٹ نے اپنے بنائے گئے قانون میں دے دیا ہے،جسٹس منیب اختر
  • جسٹس  فائز عیسیٰ کیس میں بھی فل کورٹ بینچ تشکیل دیا گیا،وکیل ن لیگ
  • جسٹس فائز عیسیٰ کیس کا معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا،جسٹس اعجازالاحسن
  •   عدالت نے سماعت 3 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی

اسلام آباد (ویب نیوز)

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے فل کورٹ بنانے کی استدعا کر دی۔عدالت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر  ایکٹ کیس میں اٹارنی جنرل کو پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ آج ( منگل کو )جمع کرانے کا حکم دے دیا۔پیر کو سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر سپریم کورٹ کے 8 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی جس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا کہ فل کورٹ تشکیل دینے کے لیے درخواست دائر کی ہے، مسلم لیگ (ن)نے بھی فل کورٹ کی تشکیل کے لئے عدالت کو درخواست دے دی، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست پر تو ابھی نمبر بھی نہیں لگا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے دستاویزات جمع کروا دی ہیں، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ توقع ہے کل تک پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ مل جائے گا، سپیکر آفس سے باضابطہ اور غیر رسمی طور پر بھی رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت قرار دے چکی ہے کہ آئین کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، عدلیہ آزادی آئین کا بنیادی جزو ہے، قانون میں بینچوں کی تشکیل اور اپیلوں کا معاملہ طے کیا گیا ہے، عدالتی اصلاحات بل میں وکیل کی تبدیلی کا بھی حق دیا گیا ہے، قانون میں جو معاملات طے کیے گئے وہ انتظامی نوعیت کے ہیں، سپریم کورٹ کے رولز فل کورٹ نے تشکیل دیے تھے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ رولز میں ترمیم بھی فل کورٹ ہی کرسکتی ہے، عدلیہ کی آزادی اور رولز سے فیصلہ و مقدمہ بھی فل کورٹ کو سننا چاہیے، قانون براہ راست ان ججز پر بھی لاگو ہو گا جو مقدمہ نہیں سن رہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ سوال قانون سازی کے اختیارات کا ہے رولز میں ترمیم کا نہیں، قانون سازی کے اختیار کے مقدمات مختلف بینچز معمول میں سنتے رہتے ہیں۔جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا ماضی میں ایسی قانون سازی ہوئی ہے؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ 1992 تک رولز بنانے کے لیے صدر کی اجازت درکار تھی۔جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ آرٹیکل 91 کے ہوتے ہوئے ایسی قانون سازی کیسے ہو سکتی ہے؟۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ صدر کی اجازت کا اختیار واپس لے لیا گیا تھا، رولز آئین و قانون کے مطابق بنانے کی شق برقرار رکھی گئی، ماضی میں کبھی ایسا مقدمہ نہیں آیا اس لیے فل کورٹ تشکیل دی جائے۔جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ کئی مقدمات اپنی نوعیت کے پہلے ہوتے ہیں، سپریم کورٹ کا کوئی بھی بینچ کوئی بھی مقدمہ سن سکتا ہے، کیا حکومت فل کورٹ کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے؟ رولز اور آئین اور قانون کے تحت کیا حکومت چاہتی ہے عدالت کی اندرونی بحث باہر آئے؟۔انہوں نے استفسار کیا کہ ہر مقدمہ اہم ہوتا ہے، یہ تعین کیسے ہوگا کہ کون سا کیس فل کورٹ سنے؟ کیا عدلیہ کی آزادی کا ہر مقدمہ فل کورٹ نے سنا تھا؟۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ افتخار چوہدری کیس سمیت کئی مقدمات فل کورٹ نے سنے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بظاہر یہ آپ کا مقدمہ نہیں لگتا کہ فل کورٹ بنائی جائے۔جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کیا اپ کہنا چاہ رہے ہیں عوام کا اعتماد فل کورٹ پر ہے، عدالت درخواست گزار کی خواہش پر اپنی کارروائی کیسے ریگولیٹ کرے؟۔اٹارنی جنرل نے کہا کہا کہ عدلیہ کی ازادی کے تمام مقدمات فل کورٹ نے نہیں سنے۔جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ افتخار چوہدری کیس مختلف نوعیت کا تھا۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ رولز بنانے کا اختیار فل کورٹ کو انتظامی امور میں ہے، اگر 3 رکنی بینچ کے سامنے رولز کی تشریح کا مقدمہ آجائے تو کیا وہ بھی فل کورٹ کو سننا چاہیے، فل کورٹ اپنے رولز بنا چکی ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ موجودہ کیس میں قانونی سازی کا اختیار چیلنج ہے، جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ آپ کی منطق سمجھ سے باہر ہے، فل کورٹ کا فیصلہ اچھا اور تین رکنی بینچ کا برا ہو گا۔جسٹس اعجاز الحسن نے استفسار کیا کہ کیا آپ کی یہ دلیل ہے کہ رولز فل کورٹ نے بنائے تو تشریح بھی وہی کرے۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ فل کورٹ کا جواب خود پارلیمنٹ نے اپنے بنائے گئے قانون میں دے دیا ہے، عدالتی اصلاحات بل کے مطابق پانچ رکنی بینچ آئین کی تشریح کا مقدمہ سنے گا، یا تو آپ کہہ دیں کہ پارلیمنٹ نے قانون غلط بنایا ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت نے قانون پر عمل درآمد سے روک رکھا ہے، اس پر جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ اگر حکم امتناع نہ ہوتا تو فل کورٹ کی استدعا کہاں جاتی، پارلیمنٹ کہتی ہے 5 رکنی بینچ ہو، اٹارنی جنرل کہتے ہیں فل کورٹ ہو، لگتا ہے حکومت کی گنتی کمزور پڑ گئی ہے کہ یہاں کتنے ججز بیٹھے ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ فل کورٹ کی استدعا مناسب لگنے پر کی جاسکتی ہے، قانون میں کم سے کم پانچ ججز کا لکھا ہے۔جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ پارلیمنت 5 ججز سے مطمئن ہے تو اٹارنی جنرل کیوں نہیں؟۔جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ قوانین کے خلاف درخواستیں عدالت معمول میں سنتی ہے، ہائی کورٹ بھی قوانین کے خلاف درخواستیں سنتی ہیں، کیا ہائی کورٹ میں بھی فل کورٹ کی استدعا کی گئی ہے۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ نہیں ہے، 2012 میں بھی اس نوعیت کا مقدمہ سنا جاچکا ہے۔جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ کیا لاہور ہائی کورٹ میں 60 اور سندھ ہائی کورٹ میں 40 ججز سماعت کریں گے؟۔جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ فل کورٹ کی درخواست میں لکھا ہے کہ بینچ حکم امتناع میں اپنا ذہن دے چکا ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا عدالت اصلاحات بل ہائی کورٹ میں چیلنج نہیں، اس پر بات نہیں کروں گا، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تو ہائی کورٹس فل کورٹ بنانے کی پابند ہوں گی۔ جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ اگر صوبائی اسمبلی بھی اس نوعیت کا قانون بنادے تو کیا پوری ہائی کورٹ مقدمہ سنے گی؟۔جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیا تمام 8 ججز فیصلہ کریں گے کہ فل کورٹ بنے گی؟۔جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ کیا بینچ چیف جسٹس کو فل کورٹ بنانے کا حکم دے سکتا ہے؟۔جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی سوال ہے، ایسی درخواست انتظامی سطح پر دی جاسکتی ہے؟۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ججز چیف جسٹس سے فل کورٹ بنانے کی گزارش کرسکتے ہیں، جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ درخواست میں آپ چیف جسٹس کو حکم دینے کی استدعا کررہے ہیں، کیا عدالت چیف جسٹس کو حکم دے سکتی ہے؟۔جسٹس مظاہر علی نقوی نے ریمارکس دیئے کہ فل کورٹ کی تشکیل کی درخواست میں کی گئی استدعا پر تحفظات ہیں۔جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ ایسی استدعا پر عدالت کس قسم کا حکم دے سکتی ہے، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ماضی میں ایسی درخواست پر فل کورٹ تشکیل دی جاتی رہی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں کی گئی استدعا اچھے الفاظ میں نہیں لیکن عدالت کو سمجھ آ گئی ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی پھانسی کے مقدمے میں بینچ پر اعتراض کیا تھا، جج پر اعتراض ہوا اور 9 رکنی فل کورٹ نے مقدمہ سنا، جسٹس مظاہر علی نقوی نے ریمارکس دیئے کہ جس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں وجوہات بھی دی گئی ہیں۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس وقت کے چیف جسٹس انورالحق نے اعتراض مسترد کیا، 9 رکنی فل کورٹ میں چیف جسٹس خود بھی شامل تھے، موجودہ درخواست میں کسی جج یا چیف جسٹس پر اعتراض نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اعتراض ہو تو فیصلہ جج نے کرنا ہوتا ہے کہ وہ مقدمہ سنے یا نہیں، اٹارنی جنرل نے کہا کہ فل کورٹ تشکیل دینے کے حوالے سے اپنی معروضات پیش کرچکے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مستقبل کے لیے تعین کرنا ہے کہ بینچ کن حالات میں فل کورٹ تشکیل دینے کا کہہ سکتا ہے، عدالت کو اس حوالے سے مزید معاونت چاہیے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ معاملہ صرف آئین کی تشریح کا نہیں ہے، آئینی ترامیم کیس میں عدالت نے فوجی عدالتیں درست قرار دی تھیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ موجودہ کیس آئینی ترامیم کا نہیں ، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالتی فیصلہ مستقبل کے لئے ہوتاہے، 20 سال بعد شاہد زمینی حالات اور آئین مختلف ہو۔فل کورٹ کی تشکیل پر اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے بعد مسلم لیگ (ن)کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے دلائل کا آغاز کیا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا مسلم لیگ (ن)کی درخواست پر نمبر لگ گیا؟ بیرسٹر صلاح الدین نے جواب دیا کہ درخواست آج ہی دی تھی نمبر لگ چکاہے۔بیرسٹر صلاح الدین نے دلائل دیئے کہ حکم امتناع کے ذریعے پہلی مرتبہ قانون پر عملدرآمد روکا گیا ہے، فل کورٹ کے لئے بینچ درخواستیں معمول میں دی جاتی ہیں، جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں بھی فل کورٹ بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیس کا معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا، چیف جسٹس خود جسٹس فائز عیسیٰ کیس نہیں سن رہے تھے۔بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ 7 رکنی بینچ نے فل کورٹ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی، بعض اوقات بینچ خود بھی فل کورٹ کی تشکیل کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھیجواتا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ افتخار چوہدری اور جسٹس فائز عیسیٰ کیسز صدارتی ریفرنس پر تھے، ججز پر الزام لگے تو ٹرائل سپریم کورٹ کا ہوتا ہے، معاملہ سنگین نوعیت کا ہونے پر ہی فل کورٹ بنا تھا، دونوں ججز کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیئے، کسی اور مقدمے میں فل کورٹ کی مثال ہے تو دیں۔بیرسٹر صلاح الدین نے دلیل دی کہ آئی جی جیل خانہ جات کیس میں بھی فل کورٹ تشکیل دی گئی تھی۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ افتخار چوہدری کیس میں جج کو معزول کردیا گیا تھا، وہ ماسٹر آف روسٹر کا اختیار استعمال نہیں کرسکتے تھے، معزولی کے بعد قائم مقام چیف جسٹس اس اختیار کو استعمال کررہے تھے، مسلم لیگ (ن)پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت ہے۔بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے رولز چیف جسٹس کے بینچ بنانے کے اختیار کو سٹریکچر نہیں کرتے۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ جو قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے اس میں پانچ رکنی بینچ کی بات کی گئی ، مسلم لیگ (ن)فل کورٹ کی استدعا کیسے کرسکتی ہے۔بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ چیف جسٹس بینچز کی تشکیل کا حکم دیتے ہیں۔جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ روزانہ کی بنیاد پر مقدمات آتے ہیں، سائلین کے اعتراضات پر عدالت فیصلہ کرتی ہے، سائلین عدالت میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرتے ہیں۔بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ جانبداری پر مبنی کئی فیصلے موجود ہیں۔بعدازاں عدالت نے اٹارنی جنرل کو پارلیمنٹ کی پروسیسنگ جمع کرانے کا حکم دے دیا اور کیس کی مزید سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔