پنجاب پبلک سروس کمیشن کی تاریخ کا سب سے بڑا امتحان، 1537 آسامیوں کے لیے
45 ہزار سے زائد امیدواروں کے امتحانات کا کامیابی سے انعقاد

لاہور ( ویب  نیوز)

پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے صوبے کے 10 انتظامی محکموں میں 1537 آسامیوں کے لیے 45 ہزار سے زائد امیدواروں کے امتحانات کامیابی کے ساتھ منعقد کیے۔ ان میں ڈاکٹروں کے لیے 900 آسامیوں کا تحریری امتحان بھی شامل تھا جوکہ مکمل طور پر پْرامن طریقے سے منعقد ہوا۔ 17000 سے زائد ڈاکٹرز نے امتحان دیا۔ نو سو نوجوان ڈاکٹرز سلیکشن کے بعد مختلف عوامی شعبوں میں لوگوں کو مؤثر اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ملازمتیں حاصل کریں گے۔ امتحانات پنجاب کے سات ریجنز؛ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، اور لاہور میں 28 اور 29 ستمبر 2024 (بروز ہفتہ و اتوار) کو دو شفٹوں میں ہوئے۔پی پی ایس سی کے ممبران، افسران، اور عملے نے تمام امتحانی مراحل کو بخوبی انجام دیا۔ امتحانات کے دوران پی پی ایس سی نے تمام الیکٹرانک ڈیوائسز کو غیر فعال کرنے کے لیے جیمرز کا استعمال کیا اور سیکیورٹی عملے کو ہر امیدوار کی مکمل چیکنگ کے لیے تعینات کیا تاکہ امتحان کے دوران کسی بھی بیرونی رابطے کو روکا جا سکے۔ امیدواروں کے نتائج کے لیے آئی ٹی پر مبنی سافٹ ویئر کا استعمال کیا جائے گا۔ پی پی ایس سی کی تاریخ میں پہلی بار نتائج سب سے کم وقت میں جاری کیے جائیں گے