پشاور 🙁 ویب نیوز)
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اسمبلی آمد کے موقع پر کہا کہ میں ساری رات خیبر پختونخوا ہاؤس میں تھا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اچانک خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے اراکین اسمبلی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے نعرے بازی بھی کی ۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے اپنے ہاؤس پر فخر ہے ، میں بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے پر پورے پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، جو مشکل حالات میں بھی عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی؟ ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت نہیں ملی ، پاکستان کسی کے باپ کا نہیں ہے ، سب کا ملک ہے ۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم سے پارٹی نشان چھینا گیا ، ہمارے لوگوں کو اغوا کیا گیا ، باقاعدہ پلاننگ سے ہم پر حملہ کیا گیا، ہم نے لاہور مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت مانگی ، ہمیں مویشی منڈی میں جلسے کی اجازت ملی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکومت کو کس بات کا خوف ہے ، ہمیں جلسے کی اجازت کیوں نہیں دی ، موجودہ اسمبلی میں چھ بندے ایسے نہیں جو الیکشن جیت کر آئے ہوں ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچ رہے تھے کہ ہم اسلام آباد نہیں جاسکیں گے، ہمارے اوپر کس چیز کی ایف آئی آرز دی جارہی ہیں ، کیا جرم کیا ہے ہم نے؟ ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم پرامن نہیں، انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے اطراف میں ایک، ایک کلومیٹر تک گڑھے کھودے گئے اور کنٹینرز رکھ کر راستے بند کیے گئے۔
علی امین گنڈا پور نے حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ میں پوری رات خیبر پختونخوا ہاؤس میں تھا ، یہ ہے تمہاری اور اسلام آباد پولیس کی پرفارمنس، پولیس نے خیبر پختونخوا ہاؤس میں دھاوا بولا ، شیلنگ اور توڑ پھوڑ کی، جس نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی وہی دوبارہ تعمیر کرائے گا، کے پی ہاؤس خیبر پختوںخوا کی ملکیت ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا آئی جی اسلام آباد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد کو کہتا ہوں کہ گرفتار کرنا ہے تو کرلو میں ڈرنے والا نہیں ، آئی جی اسلام آباد کو ایوان میں آکر معافی مانگنی ہو گی، کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ پر آئی جی اسلام آباد کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار کہتا ہوں کہ تمام پارٹیاں اپنی اصلاح کرلو، مجھے نااہل کرنا ہے کردو، میں پھر آجاؤں گا ، مجھے صوبے کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ، پاکستان تحریک انصاف کو سوا چار کروڑ عوام نے ووٹ دیئے ہیں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں قریب سے لڑائی شروع ہو چکی تھی ہم نے کہا کہ نقصان نہ ہوجائے، آپ کسی صورت دین کا راستہ نہ چھوڑو، یہ کرسی کچھ نہیں ہے ، قومی اسمبلی میں ایک شخص کیلئے قانون بنایا جارہا ہے اسی لیے باقی سب کو اٹھارہے ہیں، کسی کو 25کروڑ عوام کی فکر نہیں ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ تم گورنر راج کا تجربہ کرلو، ہم اپنی بے عزتی کا بدلہ ضرور لیں گے، فارم 47 والے لوٹے اپنی پارٹی کے خلاف نہیں بول سکتے، ہم نے ملک کے آئین کا تحفظ کرنا ہے ۔
واضح رہے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام پہنچے جہاں گزشتہ روز سے ان کے غائب ہونے کی متضاد اطلاعات آرہی تھیں ۔