شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک اور فنڈ بنانے پر اتفاق
ایس سی او اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اس اجلاس میں پائیدار ترقی کے لیے متعدد تجاویز کو منظور کیا گیا،اسحاق ڈار
پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے، سیکریٹری جنرل ایس سی او جانگ منگ
ایس او اجلاس میں 2025 کے اجلاس کے لیے بجٹ اور دو مستقل باڈیز ایس سی او سیکریٹریٹ اور انسداد دہشت گردی کے علاقائی ڈھانچے کے لیے انسانی وسائل فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، نائب وزیراعظم اور سیکریٹری جنرل ایس سی او کی مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد( ویب نیوز)
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں عالمی تجارت میں رکاوٹوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک اور ایس سی او ڈویلپمنٹ فنڈ بنانے پر اتفاق کرلیا گیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایس سی او کے سیکریٹری جنرل جانگ منگ کے ہمراہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ ایس سی او اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، ایس سی او اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اس اجلاس میں پائیدار ترقی کے لیے متعدد تجاویز کو منظور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام برادرانہ ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اجلاس میں شرکت کی، ہم ان ممالک کے اجلاس میں مثبت کردار ادا کرنے کو سراہتے ہیں۔اسحق ڈار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے ایس سی او کی صدارت کرتے ہوئے علاقائی تعاون کو فروغ دینے، ماحولیاتی تحفظ، غربت کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے اقدامات کیے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے تمام رکن ممالک کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے علاقائی ترقی میں پائیدار کردار ادا کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں ایس ای او کے متعلقہ فورمز نے تعاون کے نئے شعبوں پر کام کرنے کے لیے اتفاق کیاہے۔ان کا کہنا تھا ان شعبوں میں معاشی ترقی کے لیے اور معیشت کے فروغ کے لیے فریم ورک طے کرنے کے حوالے سے نئے شعبوں کا قیام عمل میں لانا ہے، انہوں نے کہاکہ ایس سی او اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری اور تخلیقی معیشت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، تمام سربراہان نے شنگھائی سپرٹ کے جذبے کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم نے کہاکہ ایس سی او کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان ایس سی او چارٹرڈ پر عملدرآمد کررہا ہے۔اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس نے کہاکہ خطے میں خوشحالی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، رابطے اور نوجوانوں و خواتین کی ترقی لازمی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس سی او اجلاس کا اعلامیہ ایک سال کی محنت کا نتیجہ ہے، یہ مشترکہ اعلامیہ معیشت، تجارت، کنیکٹیوٹی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم ایشوز کا احاطہ کرتا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہاکہ اجلاس میں غربت کے خاتمے، نوجوانوں کے امور اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے پر سربراہان نے دستخط کیے ہیں جس میں سربراہان نے گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل اکانومی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رکن ممالک کے استعداد کار بڑھانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا ایس او اجلاس میں آج ہونے والے فیصلوں میں 2025 کے اجلاس کے لیے بجٹ اور دو مستقل باڈیز ایس سی او سیکریٹریٹ اور انسداد دہشت گردی کے علاقائی ڈھانچے کے لیے انسانی وسائل فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایس سی او ممالک کے درمیان باہمی عزت و احترام سے بہتر اور پائیدار مستقبل کے لیے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔پریس کانفرنس میں ایس سی او سیکریٹری جنرل جانگ منگ نے کہاکہ ایس سی او کی شاندار کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایس سی او کا متحرک اور اہم رکن ہے، اجلاس میں ایس سی او کے ترجیحی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔جانگ منگ نے کہاکہ اجلاس میں تجارت کے لیے مقامی کرنسی اور پراجیکٹ فنانسنگ پر بھی غور کیا گیا، جبکہ اکنامک کے نئے ڈائیلاگ کے تصور کو اپنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں ایس سی او کو جدید بنانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ آستانہ سمٹ میں لیے گئے فیصلوں پر بھی موجودہ اجلاس میں تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں ایس سی او کی اندرونی کارکردگی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں