تحریک انصاف کو پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شریک کرانے کی حکومتی کوششیں ناکام
پی ٹی آئی کا اجلاس میں شریک نہ ہونے کا حتمی فیصلہ،کمیٹی ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کی عدم شرکت سے آگاہ کر دیا

اسلام آباد( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو چیف جسٹس کے تقرر کے لیے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شریک کرانے کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں، پی ٹی آئی نے اجلاس میں شریک نہ ہونے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔کمیٹی ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کی عدم شرکت سے آگاہ کر دیا،کمیٹی ارکان نے اسپیکر کو بتایا کہ ذیلی کمیٹی قائم کر کے بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی ارکان سے ملاقات کی گئی اور پی ٹی آئی ارکان کو کمیٹی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی تاہم پی ٹی آئی نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے تشکیل پانے والی پارلیمان کی خصوصی کمیٹی میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان کو بھی شامل کیا گیا تھا، ان اراکین میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹرعلی ظفر اور حامد رضا شامل تھے ،اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے بیرسٹر گوہر سمیت پی ٹی آئی اراکین کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی، مولانا فضل الرحمان نے بھی اسد قیصر سے اجلاس میں شرکت کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی عدم شرکت کے باعث اراکین کو اجلاس میں شرکت کے لیے راضی کرنے اور بات چیت کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کے بعد اجلاس رات ساڑھے 8 بجے تک ملتوی کر دیا تھا۔پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے تینوں ارکان سے رابطہ کرکے انہیں راضی کرنے کی کوشش کی تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے تینوں اراکین نے دو ٹوک اور حتمی فیصلہ کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کے لیے معذرت کر لی ہے۔