چو ہدری شجاعت حسین   کا  پارٹی کو ملک بھر میں متحرک کرنے کا فیصلہ
ڈاکٹر محمد امجد پارٹی کے چیف آرگنائزر مقرر ،نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا
 سیاسی ڈائیلاگ ہی ملکی مسائل کا حل ہیں، سیاسی جماعتیں استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں،شجاعت حسین
چیف آرگنائزر تقرری اور چوہدری شجاعت حسین کا اعتماد میرے لئے  اعزاز ہے،ڈاکٹرمحمد امجد

لاہور(ویب  نیوز)

پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چو ہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو ملک بھر میں متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس حوالے سے چوہدری شجاعت حسین نے ڈاکٹر محمد امجد کو پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔صدر مسلم لیگ (ق)چوہدری شجاعت حسین نے ڈاکٹر امجد کو ہدایت کی ہے کہ ناراض ساتھیوں کو منا کر ملک گیر تنظیم سازی کریں، ونگز کو متحرک بنایا جاِئے اور بیرون ممالک میں پارٹی کی تنظیم نو کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیاسی استحکام کیلئے دوسری جماعتوں سے رابطے بہتر بنائے جائیں، ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے بھی آپس میں قریبی روابط ہونے چاہئیں، روابط سے سیاسی استحکام میں مدد ملے گی۔ شجاعت حسین نے کہا  کہ سیاسی ڈائیلاگ ہی ملکی مسائل کا حل ہیں، سیاسی جماعتیں استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پائیدار معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ ہے۔ڈاکٹرمحمد امجد نے کہا کہ  چیف آرگنائزر تقرری اور چوہدری شجاعت حسین کا اعتماد میرے لئے  اعزاز ہے ،چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین کا بھی شکرگزار ہوں۔ ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ کوشش ہے میں چوہدری شجاعت حسین کے اعتماد پر پورا اتروں، چوہدری شجاعت حسین کے نظریہ اور رواداری کے پیغام کو ہر پاکستانی تک پہنچانا ہے ۔