ن لیگ کا مفتاح اسماعیل اورصوبائی صدر سندھ شاہ محمد شاہ کو پارٹی عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ

صوبائی صدر شاہ محمد شاہ اور جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل کی کارکردگی مایوس کن رہی، نئے لوگوں کو ذمہ داری دی جائے گی،مریم نواز

مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے الگ کر کے آئندہ کوئی اہم ذمہ داری نہیں دی جائے گی

جب ن لیگ کے لوگوں نے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تو شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کیا کر رہے تھے؟

دونوں رہنماؤں نے اہم کارکنوں کو پارٹی کو خیرباد کہنے پر انہیں نہیں روکا، قیادت کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا، سینئر رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو

لاہور(ویب  نیوز)

مسلم لیگ ن نے سندھ کی تنظیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل اور صوبائی صدر شاہ محمد شاہ کو پارٹی عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہاہے کہ صوبائی صدر شاہ محمد شاہ اور جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل کی کارکردگی مایوس کن رہی، دونوں کو عہدوں سے ہٹا کر نئے لوگوں کو ذمہ داری دی جائے گی۔مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے الگ کر کے آئندہ کوئی اہم ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔سینئر نائب صدر مریم نواز نے سینئر رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ن لیگ کے لوگوں نے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تو شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کیا کر رہے تھے؟، دونوں رہنماؤں نے اہم کارکنوں کو پارٹی کو خیرباد کہنے پر انہیں نہیں روکا، قیادت کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون جلد سندھ میں صنعت کار اور پارٹی کارکن کو صدر اور جنرل سیکرٹری کا عہدہ دے گی۔واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹائے جانے اور سلیمان شہباز کی جانب سے تنقید کے بعد پارٹی قیادت اور پالیسیوں سے اختلافات کا اظہار کھل کر چکے ہیں۔