• حالات کی بہتری پر پارٹی تنظیموں میں اکھار بچھاڑ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کئی اہم شخصیات کو سائیڈ لائن کیا جاسکتا ہے
  • خان صاحب کی ہدایت ہے کہ مشکل وقت میں ورکر کو مکمل سپورٹ کیا جائے، یہ مشکل وقت ہے گزر جائے گا، عاطف خان

اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ نہ دینے والے اہم عہدوں پر براجمان شخصیات کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مظاہروں کے دوران گرفتار افراد، جاں بحق اور زخمیوں کی فہرست مانگ لی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے پارٹی قیادت کو ہرعہدیدار کے بارے میں علم ہے کہ اس مشکل گھڑی میں کس نے کتنا پارٹی کا ساتھ دیا، حکومت کے وقت اہم عہدوں پر رہنے، پارٹی تنظیموں کی قیادت کرنے والی شخصیات جو عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے پارٹی کی سرگرمیوں سے لا تعلق ہیں اور خاموشی اختیار کرچکے ہیں پارٹی قیادت نے ان کا نوٹس لیا ہے، حالات کی بہتری پر پارٹی تنظیموں میں اکھار بچھاڑ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کئی اہم شخصیات کو سائیڈ لائن کیا جاسکتا ہے۔پشاور ریجن کے صدر سابق صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق اس وقت گرفتاریاں نہیں دی جا رہیں، پارٹی عہدیدار ورکرز سے رابطے میں ہیں اور چیئرمین عمران خان کی ہدایت کے مطابق لائحہ عمل طے کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے صوبے سے گرفتار ورکرز، جاں بحق اور زخمیوں کی فہرست مانگی ہے اور خان صاحب کی ہدایت ہے کہ مشکل وقت میں ورکر کو مکمل سپورٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے گزر جائے گا جو مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہے پارٹی قیادت کو سب معلوم ہے پارٹی قیادت حالات کی بہتری کے بعد اس ساری صورتحال کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔