اسلام آباد ہائی کورٹ ، فیملی اور وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے منگل کے روز ملاقات کرنے کی ہدایت
گزشتہ روز ملاقات کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی،وکیل فیصل چوہدری
جمع کرائے گئے جواب میں واضح کیا کہ تین کوآرڈینیٹرز ہیں جبکہ انہیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی ،ایڈووکیٹ جنرل
آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی، یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ ،جسٹس سردار اعجازافضل خان
ڈاکٹر ز تین دفعہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتے ہیں، جمعرات کو فیملی، وکلا اور ڈاکٹر ز کے لئے مختص ہے،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل
عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کو بھی بھیجنے کی ہدایت کردی
اسلام آباد ( ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیملی اور وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے منگل کے روز ملاقات کرنے کی ہدایت کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چوہدری، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم اور ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز ملاقات کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی، مجھے بتایا گیا کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھی جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، اسد قیصر، شبلی فراز کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ انہوں نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے، انہوں نے اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹرز ہیں، جبکہ انہیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ 6 لوگ ملنا چاہتے ہیں۔وکیل فیصل فرید چوہدری نے کہا کہ انتظار پنجوتھہ کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتہ ہوئے تھے، انہوں نے لسٹ دی تھی۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی، یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ ان کے ڈاکٹر ز تین دفعہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتے ہیں، جمعرات کو فیملی، وکلا اور ڈاکٹر ز کے لئے مختص ہے، بدھ کا دن سیاسی رہنمائوں اور دوستوں کے لئے ہے۔ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اگلے ہفتے ملاقات ہوگی، کیونکہ ایس او پیز طے ہوچکے ہیں، عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹر مقرر ہوئے تھے، انہوں نے 6، 6 نام دینے تھے جو ملنے جا سکتے ہیں۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کون کرے گا؟ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر کے درمیان تنازع سامنے آیا ہے، بانی پی ٹی آئی فیملی، دوستوں، وکلا جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں وہ لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لے کر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے، امید ہے اس سے جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا کے درمیان تنازع ختم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن تشکیل دیں گے، وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملیں گے۔عدالت نے فیملی اور وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے منگل کے روز ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کو بھی بھیجنے کی ہدایت کردی۔