حکومت کو وعدہ خلافی مہنگی پڑے گی، جے یو آئی
کارکنان احتجاج کے لیے تیار رہیں ،علامہ راشد سومرو
کراچی ( ویب  نیوز)

جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ نے 26 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کی جانب سے وعدہ خلافی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے حکم پر احتجاج کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، حکومت کو وعدہ خلافی مہنگی پڑے گی، جے یو آئی مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتی ہے لیکن حکمران ہمیں مزاحمتی پالیسی کی طرف لے جارہے ہیں، جے یو آئی کے کارکنان احتجاج کے لیے تیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار جے یو آئی سندھ کی صوبائی مجلس عاملہ ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن کے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جے یو آئی سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں مولانا سید سراج احمد شاہ امروٹی ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا محمد صالح اندھڑ،ڈاکٹر اے جی انصاری ، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو،مولانا محمد اسحاق لغاری، مولانا میر محمد میرک سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس سے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے کیس میں عدالت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عدالت جلد اس کیس میں ملوث ملزمان کو سزا دیکر انصاف فراہم کرے گی، انہوں نے سندھ کے وکلا برادری کو اپیل کی کہ وہ 20 دسمبر شہید ڈاکٹر علامہ خالد محمود سومرو  کیس کے فتوی کے دن کو سکھر سینٹرل جیل میں جائزے کے لیے شرکت کریں، انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو سندھ بھر کے تمام مدارس میں شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے کیس میں انصاف کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جبکہ آج سے گھروں میں مسلسل فرض نماز کے بعد ورد اور صدقہ روزہ کا اہتمام کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عدالت کا کوئی بھی فیصلہ آئے ہم کارکنان سے اپیل کرتے ہیں کہ پرامن رہیں اور قانونی راستے کو  ہم بہتر سمجھتے ہیں ۔