بھارتی کسانوں کا ایک بار پھر کسان ٹریکٹر مارچ، ریل روکو مہم کا اعلان
 16 دسمبر کو  بھارت بھر میں کسان ٹریکٹر مارچ  اور 18 دسمبر کو ریل روکو مہم شروع ہوگی

نئی دہلی(ویب  نیوز)

بھارتی کسانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر کسان ٹریکٹر مارچ، ریل روکو مہم کا اعلان کر دیا ہے ، گزشتہ  روز نئی دہلی کی طرف مارچ  کے دوران  نئی دہلی کی سرحد پر بھارتی فورسز کی کارروائی میں بڑی تعداد میں کسان زخمی ہوئے ۔ بھارتی پنجاب کے کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر نے اعلان کیا ہے کہ  کسان پوری طاقت کے ساتھ اپنے اگلے منصوبہ کی تیاری کریں گے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ 16 دسمبر کو پنجاب چھوڑ کر پورے ملک میں کسان ٹریکٹر مارچ نکالیں گے اور 18 دسمبر کو پنجاب میں 12 بجے سے 3 بجے تک ریل روکو مہم چلائی جائے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے واضح کیا کہ 18 دسمبر تک کسانوں کا کوئی بھی دستہ دہلی کوچ نہیں کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہریانہ کے سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی کے دوران تقریبا 18 کسان زخمی ہوئے ہیں۔سرون سنگھ پنڈھیر نے حکومت کے مایوس کن رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی تحریک ختم ہونے والی نہیں ہے، بلکہ وہ پوری طاقت کے ساتھ اپنے اگلے منصوبہ کی تیاری کریں گے۔ سرون سنگھ پنڈھیر نے کہا کہ آج بھی ہمیں نئی دہلی سے کوئی جواب نہیں ملا۔ کیا کسانوں کا دستہ ملک کے امن و چین کے لیے خطرہ ہے؟ آپ پارلیمنٹ میں آئین پر بحث کر رہے ہیں۔ 10 مہینے سے شاہراہ بند ہے، کیلیں بچھائی جا رہی ہیں، یہاں کون سا آئین ہے؟