سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سویلینزکے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا کیس ڈی لسٹ کردیا
بینچ کے رکن جسٹس شاہد بلال حسن کی عدم دستیابی کے باعث کیس20 اور 21 جنوری کے لیے ڈی لسٹ کردیا گیا
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی بینچ آج اہم مقدمات کی سماعت کرے گا
اسلام آباد(ویب نیوز)
سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ نے سویلینزکے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کیس کو ڈی لسٹ کردیا۔رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف جاری مقدمہ کو 20 اور 21 جنوری کے لیے ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق جسٹس بلال حسن کی عدم دستیابی کے باعث کیس کو ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔دوسری جانب رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری روسٹر کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں6رکنی آئینی بنچ آج (سوموار)کو اہم مقدمات پر سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہوں گے۔آئینی بینچ چیئرمین نیب کی جانب سے آئینی مینڈیٹ سے ہٹ کر عام قانون سازی کے زریعہ نیب میں کی گئی تعیناتیوں کے حوالہ سے لئے گئے ازخود نوٹس، ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈزکے حوالہ سے لئے گئے ازخود نوٹس ، طلبہ یونینز پر پابندی اورپاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے 8فروری 2024کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن کے قیا م اور شیر افضل خان مروت کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تعیناتیوں کوغیر قانونی قراردینے اور عام انتخابات 2024کے نتائج کو فارم 45کے مطابق مرتب کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالہ سے دائر درخواستوں سمیت آج(سوموار)کو کل 8کیسز کی سماعت کرے گا۔