سپریم کورٹ،فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کامعاملہ ،دائر نظرثانی درخواستوں پر سماعت آج (پیر کو ) ہو گی
سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی لارجر بینچ کورٹ روم نمبر 5میں دن ساڑھے 11بجے سماعت کریگا
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج (پیر کو) ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے معاملے پر سماعت کریگا
اسلام آباد(ویب نیوز)
سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج (پیر کو ) فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملے پردائر نظرثانی درخواستوں پر سماعت ہو گی۔سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی لارجر بینچ فوجی عدالتوں میںسویلینز کے ٹرائل کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواستوں پر سپریم کورٹ کے کورٹ روم نمبر 5میں دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس سید حسن اظہررضوی،جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔ بینچ شہداء فائونڈیشن بلوچستان بوساطت پیٹرن ان چیف نوابزادہ جمال خان رئیسانی،کوئٹہ کینٹ، صوبہ پنجاب بوساطت سیکرٹری پنجاب ،لاہور،وفاق پاکستان بوساطت سیکرٹری برائے قانون وانصاف،صوبہ خیبر پختونخوا بوساطت چیف سیکرٹری، صوبہ بلوچستان بوساطت چیف سیکرٹری سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ، وفاق پاکستان بوساطت سیکرٹری وزارت دفاع ،راولپنڈی، وفاق پاکستان بوساطت سیکرٹری وزارت داخلہ، اسلام آباد اوردیگر کی جانب سے دائر 50درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ درخواستوں میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر)جواد ایس خواجہ،بیرسٹر چوہدری اعتزازاحسن، کرامت علی،جنید رزاق،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان،زمان خان وردگ اوردیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔مستعفی ہونے والے جج اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ خان آفریدی ، جسٹس عائشہ اے ملک اور سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ نے 23اکتوبر2023کو فوجی عدالتوں میں 9مئی کے واقعات میں ملوث 102 سویلین افراد کے ٹرائل کو کالعدم قراردے دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔ اپیلوں پر پہلے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی بینچ سماعت کررہا تھا تاہم مدعا علیہان کے وکلاء کی جانب سے مزید بڑا بینچ بنانے کی استدعا پر 7رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 3رکنی بینچ آج (سوموار کو)پاکستا ن مسلم لیگ ن کے رہنمائوں عبدالرحمان خان کانجو، چوہدری ذولفقاراحمد بھنڈر، چوہدری اظہر قیوم ناہرا اوررانا محمدارشد کی جانب سے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے حلقوں این اے 154لودھراں، این اے 81اوراین اے 79گوجرانوالہ اور پی پی 133ننکانہ صاحب میںدوبارہ گنتی کے معاملہ پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔درخواستوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، رانا محمد فراز خان نون، چوہدری بلال اعجاز ،محمد عاطف اوردیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔