اسلام آباد، لاہور، کراچی  (  ویب نیوز  )

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگی بجلی، آئی پی پیز مافیا اور تنخواہ دار طبقے پر ناجائز ٹیکسز کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے کتبے اور بینرز اٹھا کر شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی، صو بائی اور ضلعی رہنماؤں نے مظاہروں کی قیادت کی اور شرکا سے خطاب کیے۔ بینروں اورکتبوں پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ قائدین نے بجلی سستی کرنے اور آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ کے نتیجے میں قومی خزانے کو پہنچنے والے فائدے کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کرنے کے مطالبات کیے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، غریب پس گیا ہے، حکومت فوری طور پر بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، تنخواہ داروں پر ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، جاگیرداروں پر ٹیکس عائد اور چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ امیر جماعت نے احتجاجی تحریک کو ری لانچ کر دیا ہے، پرامن مزاحمت جاری رہے گی اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے، آنے والے دنوں میں تحریک مزید تیز ہو گی۔مزیدبرآں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ہفتہ (کل) کو منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران احتجاجی تحریک کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے، جی نائن میں ہونے والے مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کیا، لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے سے امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا، مردان میں امیر کے پی وسطی عبدالواسع نے مظاہرہ کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے ٹنڈوالہ یار، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان اور امیر ضلع مولانا اسد اللہ نے دیرپائن میں مظاہروں سے خطاب کیا، گجرات میں اسلامک سنٹر سے گیپکو تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی قیادت امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، نائب امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر خالد محمود، قائم مقام امیر ضلع میاں شبیر احمد خاورنے کی۔ڈیرہ اسماعیل خان میں نائب امیر صوبہ مولانا سلیم اللہ ارشد، امیر ضلع منظر مسعود خٹک، حافظ آباد میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا تحفہ دستگیر، امیر ضلع ملک شوکت علی بھلروان، سرائے نورنگ میں صوبائی سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک، امیر ضلع مفتی عرفان اللہ نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی اور خطاب کیا۔
امیر جماعت کی ہدایت پر واپڈا ہاؤس پشاور کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے امیر ضلع بحراللہ خان نے خطاب کیا۔ بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے امیر ضلع سید علی مردان شاہ، کندھکوٹ پریس کلب کے سامنے امیر ضلع غلام مصطفی میرانی نے خطاب کیا۔ جیکب آباد میں مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس سے امیر شہر حاجی دیدار علی لاشاری نے خطاب کیا۔ بونیر میں امیر ضلع انجینئر ناصر علی،اوکاڑہ میں امیر ضلع رضوان احمد، شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں امیر ضلع طارق شاہ، چارسدہ میں امیر ضلع شاہ حسین ایڈووکیٹ، ننکانہ میں ضلعی سیکرٹری جنرل ہمایوں محمود، تاندلیاوالہ میں امیر ضلع فیصل آباد غربی سردار عثمان علی ایڈووکیٹ، نوشہرہ میں امیر ضلع حاجی عنایت الرحمن، لاڑکانہ میں امیر ضلع نادر علی کھوسہ ایڈووکیٹ، جامشورو میں امیر ضلع مولانا محمد عمر، چترال میں امیر چترال مولانا جمشید احمد، سوات میں امیر ضلع حمید الحق، اپردیر میں امیر ضلع فصیح اللہ، نارووال میں قائم مقام امیر ضلع محمد صادق تتلہ، سیالکوٹ میں امیر ضلع چودھری امتیاز احمد نے مظاہروں کی قیادت کی۔ میلسی، بہاولنگر، وہاڑی، بہاولپور، صادق آباد، جہانیاں، خانیوال، شانگلہ، ملتان،مظفرگڑھ، ہری پور اور دیگر شہروں میں بھی مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

لاہو ر…

 ملک کا نظام گل سڑ چکا ہے، معیشت ہی نہیں، نظریے اور اقدار کا بحران بھی موجود ہے..امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن 
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کا نظام گل سڑ چکا ہے، معیشت ہی نہیں، نظریے اور اقدار کا بحران بھی موجود ہے، ملک پر مسلط حکمرانوں کو دنیا کے سب سے بڑے طاغوت امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے، جہاں ظلم دیکھیں گے اس کے خلاف آواز بلند کریں گے، آئی پی پیز اور مہنگی بجلی کے خلاف تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عوام کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد میں مزید تیزی لائی جائے گی، 26ویں ترمیم کر کے آئین اور عدالتوں کا حلیہ بگاڑا گیا، حکمران پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کو خوش کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ جہد مسلسل اور آب رواں ہے، اس کے قیام سے لے کر آج تک 78برسوں میں کوئی ایک سال ایسا نہیں جب انتخابات کے ذریعے جمعیت کی قیادت کو نہ چنا گیا ہو، اسلامی جمعیت طلبہ جمہوری تحریکوں اور جمہوریت پسندوں کے لیے مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گجرات میں اسلامی جمعیت طلبہ کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حسن بلال ہاشمی،معتمد عام اسلامی جمعیت طلبہ اسامہ امیر اور دیگر بھی اس موقع پر موجودتھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں ایسا نظام ہے جہاں عدالتیں تو موجود ہیں، عوام کو انصاف نہیں ملتا، نسلوں کی نسلیں عدالتوں کے دھکے کھا کر زندگی گزار دیتی ہیں، ان کی شنوائی نہیں ہوتی، موجودہ نظام میں عوام سے تعلیم کا حق چھین لیا گیا ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، تعلیم کے نام پر نوجوانوں کا استحصال ہو رہا ہے، ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات دستیاب نہیں، چند جاگیردار، سرمایہ دار اور مافیاز نظام پر مسلط ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کو روزگار میسر نہیں، یہ مایوس ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالے اور امید کی شمع روشن کرے، ہمیں ایسے نظام کے حصول کے لیے جدوجہد کو تیز کرنی ہے جس میں عوام کو عدل و انصاف ملے، غریب کا استحصال نہ ہو، سب کے لیے تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ہوں، یہ مقاصد اسلامی نظام کے قیام سے ہی حاصل ہو سکتے ہیں، ہم اقامت دین کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوس کرنے کے لیے انھیں ایک طرف وسائل سے محروم رکھا جاتا ہے اور دوسری جانب منظم پروپیگنڈا بھی جاری ہے کہ ملک کا مستقبل محفوظ نہیں، یہ گھمبیر صورت حال ہے اور ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ نوجوانوں کو اس بات پر قائل کریں کہ یہ ہمارا ملک ہے اور ہم نے اسے بہتر بنانا ہے، ہمارا جینا اور مرنا اسی دھرتی سے وابستہ ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو سٹوڈنٹس یونین کی بحالی کے حوالے سے مسلسل جدوجہد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، طلبہ یونین پر پابندی قوم کو قیادت سے محروم رکھنے کے لیے ایک سوچی سمجھی سازش ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سٹوڈنٹس یونین پر سے پابندی ہٹائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک پر مسلط حکمران پارٹیاں جمہوریت کا راگ الاپتی ہیں، مگر حقیقت میں یہ خود بھی جمہوری نہیں اور جب اقتدار میں آجائیں تو شخصی تسلط قائم کرنے کے لیے دن رات ایک کر دیتی ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔