خیبرپختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن ،9دہشتگرد ہلاک ،2جوان شہید
قائمقام صدراور وزیراعظم کی جانب سے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین  

راولپنڈی/اسلام آباد (ویب   نیوز)

خیبرپختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 9دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران پاک فوج کے 2جوان بھی شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کے مقام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7 دہشتگردوں کوہلاک کردیا گیا، ہلاک ہونے والے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مہمند ایجنسی میں دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران پاک فوج کے 2جوان بھی شہید ہوگئے، حوالدار محمد زاہد کا تعلق مالاکنڈ اور سپاہی آفتاب علی کا تعلق چترال سے ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دوسرے آپریشن کے دوران 2دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، آپریشنز میں ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔دوسری جانب قائممقام صدر مملکت مخدوم سید یوسف رضا گیلانی  اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف 2مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔قائمقام صدر مملکت نے کاروائیوں کے دوران 9 دہشتگردوں کوہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 2بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔قائمقام صدر مملکت نے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کے سپوتوں کی بہادری کو سراہا ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے کامیاب کاروائیاں کررہی ہیں۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔قائمقام صدر مملکت کی شہدا کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر جوانوں و ان کے اہلخانہ پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔ وزیر اعظم نے مہمند اور ڈیرہ اسماعیل خان میں9 دہشتگردوں کوہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے دہشت گردوں کو ہلاک کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ کو خراج عقید پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے شہداء کے بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردی کی اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر جوانوں اور ان کے اہل خانہ پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔