پیپلز پارٹی نے18ویں ترمیم کے ذریعے تمام اختیارات و وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے،حافظ نعیم الرحمن
 اسٹیبلشمنٹ کے سہارے فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط  کیے گئے لوگ عوام کے حقیقی نمائندے ہر گز نہیں
 سندھ حکومت نچلی سطح پر اختیارات  اور وسائل دینے کے لیے تیار نہیں،امیرجماعت اسلامی پاکستان کا لانڈھی میں عوامی دعوت افطار سے خطاب

کراچی (ویب  نیوز)

امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت لانڈھی نمبر 4 میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے18ویں ترمیم کے ذریعے تمام اختیارات و وسائل پر قبضہ تو کرلیا لیکن نچلی سطح پر اختیارات اور وسائل دینے کے لیے تیار نہیں۔ کچرا اٹھانے کا انتظام بھی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنے قبضے میں کرلیا ہے۔ برسوں کے تباہ حال شہر کے عوام چاہتے تھے کہ اب کراچی کے مسائل حل ہوں اور منصوبے مکمل ہوں لیکن  بد قسمتی سے اسٹبلشمنٹ کا سہارا لے کر پیپلز پارٹی نے مئیر شپ پر قبضہ کرلیا۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز و یوسی چیئر مینز اپنی مدد آپ کے تحت کراچی میں عوام کے لیے ریلیف کے کام کررہے ہیں۔  جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جماعت اسلامی گراس روٹ لیول کی سطح پر موجود ہے۔ہمارے منتخب نمائندے، کارکنان اور ذمہ داران عوام کے درمیان موجود ہیں۔ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی حقوق کراچی تحریک کے سلسلے میں ”ملین مارچ” منعقد کرے گی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کا حق لیکر رہے گی۔تعمیر و ترقی کے سفر اور روشن مستقبل کے لیے از سر نو تحریک شروع کریں گے۔ ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے لیے چنگ چی کے رکشے نہیں بلکہ ان کا حق ہے کہ ان کو باعزت ٹرانسپورٹ  میسر ہو۔ نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم ملے، پانی اور بجلی کے مسائل حل ہوں۔ دعوت افطار سے امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ نے بھی خطاب کیا۔  اس موقع پر سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان، ٹاؤن چیئرمین لانڈھی عبد الجمیل، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری  ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں اور پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے سہارے فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط  کیے گئے لوگ عوام کے حقیقی نمائندے ہر گز نہیں ہم نے راولپنڈی دھرنے میں آئی پی پیز کا مسئلہ اُٹھایا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر آئی پی پیز کے حوالے کر دی جاتی ہے، اس دھندے کو بند کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے دھرنے اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں حکومت مجبور ہوئی چند آئی پی پیز کو بند کیا گیا ہے اور قومی خزانے کو 1000ارب روپے کی بچت ہوئی، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک ہزار ارب روپے کا فائدہ عوام کودیا جائے اور بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے،بجلی اور پیٹرول قیمتوں میں کمی کے لیے ہم عید کے بعد بڑی تحریک شروع کریں گے اور پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور گورنر ہاؤسز کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ ہیں جنہوں نے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ملک میں ظالمانہ نظام قائم ہے، حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار دے۔ ملک میں ظلم،رشوت اور جھوٹ کے نظام کے خلاف ایک بڑی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ لانڈھی اور کورنگی میں عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں اور ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔ ان عوامی کمیٹیوں کی قیادت جماعت اسلامی کرے گی اور بزرگ اس کی سرپرستی کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مہینہ اور روزے کا مقصد یہ ہی ہے کہ ہم تقوی اختیارکریں۔  قرآن مجید کی تعلیمات ہمیں  انفرادی اور اجتماعی نظام زندگی کو اسلام کے مطابق گزارنے کا درس دیتی ہیں۔ رمضان کا مہینہ باب الاسلام اور سندھ کی فتح کا مہینہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام پانی، بجلی اور گیس، ٹرانسپورٹ  سمیت بنیادی مسائل سے دوچار ہیں۔ ہیوی ٹریفک کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی اموات ہورہی ہیں ۔ ان حالات میں جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے ان مسائل کے حوالے سے آواز اُٹھائی۔ اہلیان لانڈھی اور کورنگی نے گزشتہ 40 سال اذیت میں گزارے ہیں۔ شہر میں اس وقت پانی سب سے بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ قابض مئیر سن لیں کہ پانی کی فراہمی شہریوں کا حق ہے سب کو انصاف کے ساتھ پانی کی تقسیم کی جائے۔ جماعت اسلامی لانڈھی و کورنگی کے مسائل ضرور حل کروائے گی۔ کافی عرصے بعد لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبد الجمیل نے لانڈھی اور کورنگی کے نوجوانوں کو پڑھانے کا فیصلہ کیا اور بنو قابل آئی ٹی پروگرام شروع کیا جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔