عمران خان اور بشری بی بی کی 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد( ویب نیوز )
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف میں اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کیس کی سماعت کریں گے۔رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواستیں اعتراضات کے ساتھ مقرر کیں۔واضح رہے کہ 19 مارچ کو عمران خان اور بشری بی بی نے سزا سنائے جانے کے 2 ماہ بعد سزا معطلی کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی تھیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، 17 جنوری کو سنائی جانے والی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی دی جائے اور مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلہ اور سزا معطل کئے جائیں۔یاد رہے کہ 17 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاونڈ کے ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد بشری بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشری بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشری بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔