عید پر اہل وطن اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں ،مولانافضل الرحمن
بے جا اخراجات اور اسراف سے بچتے ہوئے سادگی سے عید منائیں ،جے یو آئی سربراہ کا عید الفطر کے موقع پر پیغام

اسلام آباد (ویب  نیوز)

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ عید پر اہل وطن اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں ،بے جا اخراجات اور اسراف سے بچتے ہوئے سادگی سے عید منائیں ،اللہ کریم بار بار ہمیں یہ خوشیاں نصیب فرمائے ہماری عبادات کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر اہل وطن اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔اللہ کریم بار بار ہمیں یہ خوشیاں نصیب فرمائے ۔ہماری عبادات کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔ اس مبارک مہینے اور عید کی اس خوشی کے موقع پر بھی وطن عزیز اور دنیا کے مختلف مقامات پر ہمارے مسلمان بھائی،بہنیں ،بزرگ اور بچے  دکھ اور تکلیف میں ہیں ،انہیں دشمنوں کی جانب سے مسلسل اذیتیں دی جارہی ہیں ۔ خصوصاً غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیلی بربریت رمضان کے مقدس مہینے میں بھی جاری رہیں ۔مسلمانوں کو حضور نبی کریم ۖ نے جسد واحد قرار دیا ہے اور جسم کا کوئی حصہ تکلیف میں ہو تو پورا جسم اس تکلیف کو محسوس کرتا ہے ۔ اس وقت دنیا میں جہاں مسلمان تکلیف میں ہیں ہم ان کی تکلیف کو محسوس کرتے ہیں ۔ خوشی کے اس موقع پر اپنے گرد وپیش ضرورت مندوں ، فقرا اور حاجت مندوں کی ضروریات کا خیال رکھیں کہ یہی ہمارے پیارے دین کی تعلیمات ہیں ۔اس رمضان المبارک میں ہمارے بہت سے علما کرام اور جماعتی رہنماؤں کی شہادتوں کے روح فرسا واقعات پیش آئے ، عید کے موقع پر شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے ۔امن وامان کی ناقص صورتحال کے باعث نماز عید الفطر اور دیگر اجتماعات میں خود بھی سیکورٹی کا خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔بے جا اخراجات اور اسراف سے بچتے ہوئے سادگی سے عید منائیں ۔اللہ کریم ہمارا حامی وناصر ہو ۔