خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، انتہائی مطلوب دہشتگرد سمیت 6  دہشت گرد ہلاک
 صدر وزیراعظم کا کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے،زرداری ،شہباز

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں کارروائیوں کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد سمیت 6  دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی، جہاں انتہائی مطلوب دہشتگرد ذبیح اللہ کو ہلاک کیا گیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگرد کمانڈر ذبیح اللہ سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ صدر وزیراعظم نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران  دہشت گردسرغنہ کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی  شمالی اور جنوبی وزیرستان میں  دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پرسکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے جس میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشنز میں سرغنہ سمیت 6  دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔