بھارت کے 15 مقامات پر پاکستانی حملوں کی بھارتی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے، پاکستان حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے 7،6 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز اور متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا گیا، بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھاری نقصان ہوا اور مزید بھی اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب اور اسکے تمام عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی جس پر بھارت کے 12 ڈرونز مار گرائے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے گئے، سندھ کےعلاقے میانو میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ لاہور میں والٹن کے علاقے میں ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ہندوستان کی رات کے وقت جارحیت انتہائی سنگین ہے لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اقوام عالم دیکھ رہے ہیں ہندوستان خطے سمیت پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، لگتا ہے ہندوستان عقل و فہم کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، ہندوستان کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی جس میں اس کے 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ایل او سی پر بھی بھارت کو بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کا عمل جاری ہے، افواج پاکستان بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے ناکارہ بنا رہی ہیں۔
بھارت کے 15 مقامات پر پاکستانی حملوں کی بھارتی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے،
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے، بھارت کہتا ہے پاکستان نے اس پر میزائل داغے، جہاں یہ میزائل گرے وہاں خشک گھاس پڑی ہے، کم از کم اس میں آگ ہی لگا دیتے،
انہوں نے کہا کہ آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئےگا؟ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج بھارت کے ٹوٹل 29 ڈرونز گرائے گئے، جن میں سے صرف ایک اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا، جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، ڈرون حملوں میں 3 معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئیں، 4 جوان زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت ڈراموں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی اس بار ہم نے چائے وہاں بھجوائی، پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق ہی کی فتح ہوگی، پاکستانی عوام مطمئن رہیں بھارت یہاں بے چینی پھیلانا چاہتا ہے، پاکستانی قوم مطمئن رہے ہم چوکس ہیں کچھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایمان کی قوت سے اتنے عرصے سے فتنہ الخوارج اور دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں، اس فوج کے پیچھے اس کے عوام کھڑے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ یہ دشمن فوجی یا شہری کی تمیز نہیں کرتا، اگر ان کا اتنا ہی سسٹم شاندار ہے تو 6 مئی کی رات کو دکھاتے، 5 جہاز آپ کے کیسے گر گئے؟ آپ کو پتا تھا جواب آئے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہم نے مختلف جگہوں سے اٹھایا، بھارتی جنگی جہازوں کا ملبہ خود بھارت نے اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی ڈرون کا رُخ ننکانہ صاحب کی طرف تھا، بھارت ایسا کیوں کر رہا ہے؟ وہ سمجھ نہیں سکتے یہاں لوگ ان پر ہنس رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت سے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے، پاکستان کی آرمڈ فورسز نے بھارت کے 5 طیاروں کو مار گرایا، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہرممکن سٹریٹجک احتیاط کا مظاہرہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بہادر پاکستانیو کوئی گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت اپنی خفت مٹانے کیلئے یہ حرکتیں کر رہا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں شہریوں پر کوئی حملہ نہیں کیا۔






