سعودی عرب،متحدہ عرب امارات ، عمان، بحرین اور قطر میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحی 6جون کو ہوگی
ریاض، ابوظہبی ( ویب نیوز)
سعودی سپریم کورٹ نے ذی الحج کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔ مملکت میں عیدالاضحی 6جون بروزجمعہ کو ہوگی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی عدالت عظمی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں سے ذوالحج کا چاند نظر آنے کی ٹھوس شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ چاند نظر آنے کے بعد اب یکم ذوالحج 28مئی بروز بدھ کو ہوگی۔جمعرات 5جون کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گاجبکہ عید الاضحی 6جون بروز جمعہ کو ہوگی۔سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، عمان، بحرین اور قطر سمیت متعدد ممالک میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے۔ دوسری جانب ملائیشیا اور برونائی میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحی 7جون کو منائی جائے گی۔ملائیشین میڈیا کے مطابق ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔ ملک میں عیدالاضحی 7 جون کو منائی جائے گی۔ دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ برونائی میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔ عرب میڈیا کے مطابق برونائی دارالسلام میں بھی عیدالاضحی 7 جون کو منائی جائے گی۔
پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عید الاضحی 7 جون کو ہوگی
پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا،عیدالاضحی 7 جون بروز ہفتہ کو ہوگی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت عبدالخبیرآزاد نے کی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر ہوئے۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیرآزاد نے اعلان کیا کہ کمیٹی کو ملک بھر سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد یکم ذی الحج 29 مئی جمعرات کو ہوگی اور عید الاضحی 7 جون بروز ہفتہ کو ہوگی،واضح رہے کہ اس سے قبل اسپارکو اور محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ 26 مئی کو پاکستان میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں،جس کے باعث عیدالاضحی 7 جون کو ہوگی۔۔





