اسرائیل پر 4 حملوں کے بعد جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے بھی جنگ بندی کے آغاز کی تصدیق کر دی ہے اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی ہیں

امریکی پائلٹس نے بہت تاریخی کردار ادا کیا ہے ایران کی جوہری صلاحیتیں ختم ہو چکی ہیں ایران کبھی بھی جوہری پروگرام دوبارہ نہیں بنائے گا۔ امریکی صدر کی  میڈیا سے گفتگو

اسرائیل کا جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام ،ایران کی تردید  خلاف ورزی کی صور ت میں اسرائیلی فوج کو تہران پر حملوں کے احکامات  دیدیئے ہیں ،اسرائیلی وزیر دفاع

تہران، واشنگٹن+  تل ابیب   (ما نیٹرنگ ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے جنگ بندی پر راضی ہونے کے اعلان پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا، ایران کے سرکاری ٹی وی نے جنگ بندی کے آغاز کی خبر نشر کر دی ہے جبکہ اسرائیلی میڈیا نے بھی جنگ بندی کے آغاز کی تصدیق کی ہے۔ایران کی جانب سے جنگ بندی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جنگ بندی اعلان کے بعد ایران میں شہری جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی کا اظہار کیا۔  اسرائیل پر 4 حملوں کے بعد جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے بھی جنگ بندی کے آغاز کی تصدیق کر دی ہے اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی ہیں ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے جنگ بندی کے خلاف ورزی کی ہے میں اسرائیل سے خوش نہیں ہوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے دی ہیگ روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران ٹی وی چینلز پر بھی تنقید کی انہوں نے کہاکہ امریکی پائلٹس نے بہت تاریخی کردار ادا کیا ہے ایران کی جوہری صلاحیتیں ختم ہو چکی ہیں ایران کبھی بھی جوہری پروگرام دوبارہ نہیں بنائے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ مجھے یہ پسند نہیں آیا کہ اسرائیل نے جنگ بندی  پر رضامندی کے بعد دوبارہ حملہ کیا، اسرائیلی حکومت کے رویے سے میں خوش نہیں ہوں۔ہم نے ایرانی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے اسرائیل سے کہا کہ وہ بم گرانے سے باز آ جائے اور اپنے پائلٹوں کو فضائی حدود سے واپس بلا لے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایران اور اسرائیل دونوں سے خوش نہیں ہیں لیکن سعودی عرب نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے.  اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور میزائل حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اسرائیل فوج کو بھرپور جوابی کارروائی کا حکم جاری کردیا تاہم تہران نے سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزام کی تردید کردی۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے امریکی صدر کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل حملے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دینے کی پالیسی کے تحت میں نے اسرائیلی افواج کو ہدایت دی ہے کہ وہ تہران میں حکومت سے وابستہ اثاثوں اور دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے شدید نوعیت کی کارروائیاں جاری رکھیں۔اسرائیلی فوج نے ایران سے دو میزائل داغے جانے کی اطلاع دی، جس کے نتیجے میں شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے، ایک اسرائیلی اہلکار نے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران سے 2 میزائل داغے گئے، جنہیں روک لیا گیا۔اسرائیلی فوج کے مطابق پہلے سائرن کے بعد تقریبا 15 منٹ بعد شہریوں کو پناہ گاہیں چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی۔اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے، کیونکہ 13 جون کو ایران کے خلاف شروع کی گئی فضائی بمباری مہم کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ایران نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اگر اسرائیل بمباری روک دے تو وہ بھی جوابی حملے بند کر دے گا۔ایرانی سرکاری میڈیا نے اسرائیلی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس الزام کی تردید کرتا ہے کہ اس نے جنگ بندی کے نفاذ کے بعد اسرائیل پر کوئی میزائل داغا ہے۔\

ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایشیائی منڈیوں میں منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جس سے سرمایہ کاروں کی تیل کی فراہمی میں رکاوٹوں کے خدشات کم ہوگئے۔امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ)کی قیمت میں 2 فیصد کمی آئی اور یہ فی بیرل 67.13 ڈالر پر آ گئی، جو تقریبا دو ہفتوں کی کم ترین سطح ہے۔ برینٹ کروڈ آئل، جو عالمی معیار کا پیمانہ ہے، 1.8 فیصد کمی کے ساتھ 67.17 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

خلیجی بحران کے بعد پاکستان کا فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا تاہم 32 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔قومی ایئر لائن کا بھی خلیج کے لیے فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا لیکن پروازوں میں 4 سے 13 گھنٹے تاخیر ہوئی ۔کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف ایئرپورٹ کی 55 پروازوں میں تاخیر ہے جبکہ منسوخ پروازوں میں قطر ایئر ویز کی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور سیالکوٹ کی 14 پروازیں شامل ہیں۔ کراچی سے جدہ، دوحہ، استنبول کی 8 منسوخ کی گئیں جبکہ کراچی سے دبئی کی غیرملکی ایئر کی دو پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔لاہور سے شارجہ، مسقط، ریاض کی 5 پروازیں منسوخ شیڈول میں شامل ہیں۔ قطر ایئر ویز کی لاہور کی 2، اسلام آباد کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں ۔پشاور سیالکوٹ کی قطر ایئرویز کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں ، شارجہ سے پشاور، دبئی، ابوظہبی کی 5 پروازیں منسوخ کردی گئیں ۔دوسری جانب قومی ایئر کی لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 747 میں 13 گھنٹے تاخیر ہوئی جبکہ دوحہ سے کراچی، لاہور کے لیے پرواز کیو آر 621 میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی ۔اسلام آباد دبئی کی قومی ایئر کی پرواز پی کے 233 میں 15 اور بحرین سے اسلام آباد کی دو پروازوں میں 4 گھنٹے تاخیر ہوئی

سیاسی اور قو می  حلقوں  نے واضح کیا کہ اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں سے صہیونی ریاست کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ جب اسرائیل کو یقین ہو گیا کہ جنگ مزیدجاری رہے گی اور اس کا کچھ نہیں بچے گا، تو اس نے سیز فائر کی استدعا کرنا شروع کردی۔سیز فائر کے لئے ایران امریکہ پر اعتبار نہیں کرسکتا۔ اللہ تعالیٰ نے ایران کے ذریعے اسرائیل سے غزہ کا انتقام لیا ہے۔ ایران کا جانی مالی نقصان ہوا مگر قوم میں اتحاد پیدا ہوا ہے۔امریکی حملے سے پہلے ایران کی جوہری تنصیبات کو محفوظ کر لیا گیا تھا، امریکہ جوہری تنصیبات تباہ کرنے بار ے جھوٹ بول رہا ہے امریکہ کو مشرق وسطیٰ میں 23 جون کی رات جواب دیا گیا ، دوحہ میں سب سے بڑے مرکز پر حملہ کیا تو سیز فائر کی باتیں امریکہ نے کرنا شروع کردیں۔ امریکہ اوراسرائیل نے غزہ کی حمایت پر نہیں، جوہری اسلحہ بنانے کے الزام پر ایران پر حملہ کیا ہے ۔امریکہ کے بس میں ہوتا تو کہہ دیتا کہ ایران کے پاس میزائل بھی نہ ہوں۔ اب واضح ہوگیا کہ اگر میزائل نہ ہوتے توامریکہ ایران کو تقسیم کر چکا ہوتا۔. ایران ایٹمی تنصیبات تباہ کرسکتا ہے، اس نے ایٹمی سائنسدان شہید کردیے ، مگر جوہری علم ختم نہیں کرسکتا۔پر امن مقاصد کے لئے یورینیم کی افزودگی ایران کا حق ہےاسلامی جمہوری ایران کا موقف ہے کہ اسرائیل نے فلسطین پر قبضہ کیا ہے،غزہ بڑی جیل میں ہیں۔ اسرائیل دراصل مقبوضہ فلسطین ہے۔حماس کو اپنی سرزمین آزاد کروانے کا حق ہے۔  ایران پر حملے کے بعد عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے مگر انہیں کامیابی نہیں ملی۔ ایران میں حکومت مخالف افراد بھی ہوسکتے ہیں، مگر مشکل میں سب ایرانی اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا ، انڈیکس میں بڑے اضافے کے بعد 5 نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی ، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 5030 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس ایک لاکھ 21 ہزار 197 کی سطح پر پہنچ گیا۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کو ہونا خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے  ایران نے اچھی طرح اپنے سے بڑے دشمن کا مقابلہ کیا، ایران نے نہایت جارحانہ انداز میں اپنا دفاع کیا، مسلمانوں کو دوبار فتح نصیب ہوئی، اللہ نے پاکستان کو بھارت پر فتح دی ہے اور ایران کو اسرائیل سے فتح نصیب ہوئی، اسرائیل بڑے بڑے دعوے کررہا تھا لیکن سب بے بنیاد تھے، یہ دو جڑواں فتوحات عالم اسلام کیلئے اچھا شگون اور کامیابی کا ثبوت ہےاب دعا کرنی چاہیے اللہ غزہ کے مسلمانوں پر رحم کرے، اللہ مسلم دنیا کو توفیق دے کہ وہ فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کا حوصلہ پیدا کریں۔