غزہ میں اسرائیلی جارحیت، مزید 45 فلسطینی شہید
شہید ہونے والوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں
غزہ ( ویب نیوز)
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مزید 45 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق، اتوار کی صبح سے قابض اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے مختلف علاقوں پر کئی درجن فضائی حملے کیے، جن میں متعدد نہتے فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ شہر کے جنوب مشرقی علاقے "زیتون کے وادی العرایس اسٹریٹ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شہری شہید ہو گیا۔اسی طرح مشرقی غزہ کے مشہور بازار "زاویہ میں قابض فوج نے شہریوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔شہر کے علاقے "تفاح میں ایک گھر پر فضائی حملے میں پانچ فلسطینی شہید اور دیگر شدید زخمی ہوئے۔رفح کے علاقے "مواصی میں امریکی امدادی مرکز کے قریب، جہاں بھوک اور پیاس سے نڈھال عوام مدد کے طلبگار تھے، ان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ اس سفاک حملے میں کم از کم چار افراد شہید ہوئے جن میں کم سن بچہ بلال محمد عبد الغفور بھی شامل ہے۔ دیگر شہدا میں محمد محمد ابو مصطفی، احمد روحی الجزار اور ایک نامعلوم شہید شامل ہیں۔رفح میں امداد کے متلاشی شہریوں پر فائرنگ کے دوران ایک اور بچہ، بلال محمد نبیل عبد الغفور بھی جان کی بازی ہار گیا۔خان یونس کے جنوبی علاقے "کراج رفح سے ایک شہیدہ خاتون کی لاش نکالی گئی۔جبالیہ کے مشرقی علاقے اور غزہ شہر کے التفاح محلے پر بیک وقت تین فضائی حملے کیے گئے۔قابض اسرائیل نے شمالی غزہ اور غزہ شہر کے شہریوں کو نئے احکامات کے تحت اپنے گھروں سے نکل کر رفح کے "مواصی علاقے کی طرف ہجرت کا حکم دیا، گویا ان کے لیے نہ رہنے کی جگہ چھوڑی گئی اور نہ جینے کی مہلت۔زیتون محلے میں "دلول پیٹرول پمپ کے قریب عزام خاندان کے گھر پر فجر کے وقت حملہ کیا گیا جس میں دو معصوم بچے شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔اسی علاقے میں مزید گھروں پر بمباری کی گئی، جس میں کئی شہری زخمی ہو گئے۔خان یونس کے "کتیبہ اور "شارع خمس علاقوں پر توپ خانے سے حملے کیے گئے۔وسطی غزہ کے المغازی کیمپ میں ابو محمد خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔التفاح اور جبالیہ کے مشرقی علاقوں میں قابض فوج نے گولہ باری سے مزید رہائشی بلاک زمین بوس کر دیے۔رفح کے مواصی علاقے اور خان یونس شہر کے وسط میں رہائشی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔خان یونس کے مغربی علاقے بئر زنون اور الشاعر میں ایک خیمے پر حملہ کیا گیا، جس میں پانچ شہری شہید ہوئے: امیر زیاد ابو معروف، قاسم ایاد ابو معروف، محاسن مہدی ابو معروف، صفا حسن ابو معروف اور منہ زیاد ابو معروف شامل ہیں۔شجاعیہ کے المنصور روڈ پر بھی فضائی حملہ کیا گیا۔غزہ شہر کے سامر چوک کے قریب ایک خیمے کو نشانہ بنایا گیا جس میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی، حملے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔خان یونس کے شمال مغربی علاقے پر آدھی رات کو فضائی حملے کیے گئے۔قابض اسرائیل نے امریکی سرپرستی میں جاری اس نسل کشی میں اب تک 56,412 فلسطینی شہید کر دیے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 133,054 ہو چکی ہے۔ 11 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں اور شدید قحط کے باعث درجنوں جانیں مزید ضائع ہو چکی ہیں۔ دو ملین سے زیادہ فلسطینی جبری طور پر بے گھر ہو چکے ہیں اور پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔





