خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق، 12 زخمی

لکی مروت: (ویب  نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مارٹر گولا پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 5 ہو گئی۔

پولیس کے مطابق سٹی ہسپتال میں اب تک 5 بچوں کی لاشیں اور 12 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے، سٹی ہسپتال میں منتقل کیے گئے زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک مارٹر شیل گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ترجمان باجوڑ پولیس اسرار سلارزئی نے بتایا تھا کہ گوہاتی مہمند میں ایک شہری کے گھر پر مارٹر شیل گرا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لار خالازو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ 29 جولائی کو باجوڑ انتظامیہ نے ضلع کے 16 مقامات پر تین روزہ کرفیو نافذ کیا تھا اور ان علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا، شدت پسندوں کے خلاف دو روزہ آپریشن کے بعد کرفیو اٹھا لیا گیا۔