عمران خان کی گرفتاری کے خلاف چکدرہ انٹرچینج پر احتجاجی مظاہرہ

چکدرہ(ویب  نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قائد عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری اور سیاسی انتقام کے خلاف چکدرہ انٹرچینج پر ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کی، مینگورہ سوات سے صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی قیادت میں ایک تاریخی ریلی نے شرکت کی جس میں ایم این اے سلیم الرحمان، چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، سٹی میئر شاہد علی خان، بڑی تعداد میں کارکنان، پارٹی رہنما، بلدیاتی نمائندے، نوجوان اور عوام نے شرکت کی، مینگورہ سے بڑی ریلی چکدرہ انٹرچینج پہنچی تو وہاں پر موجود کارکنان نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان کا شاندار استقبال کیا اور عمران کے حق میں نعرے لگائے، احتجاجی مظاہرے میں شرکا نے "عمران خان کو رہا کرو”، "آئین بچاو، ملک بچاو” اور "حقیقی آزادی” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے سے صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے کروڑوں عوام کی آواز ہیں اور ان کی غیر قانونی گرفتاری ملک میں آئین و قانون کی پامالی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر کے خلاف تحریک جاری رہے گی، تحریک عمران خان کی رہائی کا آغاز ہو چکا ہے اب اور برداشت نہیں کرسکتے حقیقی آزادی کے حصول تک ہمارا جہدوجہد جاری رہے گا عمران خان اور دیگر اسیران کی رہائی تک ہم چھین سے نہیں بیٹھے گے انہوں نے کہا کہ فارم 47 وفاقی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان، بشری بی بی اور دیگر بے گناہ قائدین کو رہا کیا جائے، عوام مزید صبر کی متحمل نہیں، عمران خان کی رہائی کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ فضل حکیم خان نے واضح کیا کہ آج کا احتجاج محض مظاہرہ نہیں بلکہ ایک عوامی ریفرنڈم ہے جس میں عمران خان کے سپاہیوں نے بھرپور قوت کے ساتھ شرکت کر کے ثابت کیا کہ عوام صرف عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ اس ملک میں واحد لیڈر ہے جو ملک کو بچا سکتا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی عوام کی سب سے بڑی طاقت ہے آج چکدرہ انٹرچینج پر ایک تاریخی عوامی اجتماع نے ثابت کیا کہ حق، آئین اور جمہوریت کی سربلندی ناگزیر ہے۔احتجاجی مظاہرے سے صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔