وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ این ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں خیمے اور دیگر ضروری سامان فراہم کر رہا ہے جبکہ دریائے راوی کے قریب جسڑ اور شاہدرہ کی صورتحال میں کچھ بہتری آئی ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں اور صوبائی حکومت این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرگرم ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے موسم کی تازہ ترین معلومات بھی حاصل کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشگی وارننگ سسٹم نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، جس کی بدولت لوگوں کا بروقت انخلاء ممکن ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریاؤں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور یہ ایک مشترکہ قومی ردعمل ہے، جس میں پاک فوج سمیت تمام متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں متاثرہ افراد کے نقصانات کا جائزہ لے کر ان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔





