اسلام آباد کچہری خودکش دھماکہ، بار ایسوسی ایشن واسلام آباد بار کونسل کی شدید مذمت،3روزہ سوگ کا اعلان
مجرموں اور سہولت کاروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے، شفاف اور فوری تحقیقات کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد بار کونسل نے اسلام آباد کچہری میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں اداروں نے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور شہداکے اہل خانہ سے تعزیت، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔بار ایسوسی ایشن اور بار کونسل نے اس واقعے کو بزدلانہ اور عدلیہ پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور عدالتوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے آئی جی اسلام آباد سے فوری طور پر ضلع کچہری کی سیکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔دونوں اداروں نے 3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12سے 14نومبر تک اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں وکلا پیش نہیں ہوں گے۔ اسلام آباد بار کونسل نے جنرل ہائوس اجلاس جلد طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مجرموں اور سہولت کاروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے، شفاف اور فوری تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن نے عدلیہ کی آزادی اور قانونی برادری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عدالتوں کی سیکیورٹی فوری طور پر بہتر بنائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔





