نئی دہلی ۔۔بھارتی مسلح افواج کے لیے پونے نو ارب ڈالر مالیت کے دفاعی ساز و سامان خریداری کی منظوری
ریڈار سسٹم، ریڈیوز، خود کار آف لینڈنگ ریکارڈنگ نظام اور مختلف اقسام کا ایسا عسکری سامان شامل ہے، جو بھارتی فوج، فضائیہ اور بحریہ تینوں کے استعمال میں آئے گا
نئی دہلی ( ویب نیوز )
بھارت کی دفاعی خریداری کونسل (ڈیفنس ایکوئیزیشن کونسل یا ڈی اے سی) نے ملکی مسلح افواج کی عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے 790 بلین روپے (8.78 بلین ڈالر) مالیت کے عسکری ساز و سامان کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔ جرمن ٹی وی رپورٹ کیمطابق بھارتی وزارت دفاع کے پیر 29 دسمبر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک بھارت کی تینوں مسلح افواج کے لیے دفاعی ساز و سامان کی خریداری کی جن تجاویز کی ڈی اے سی کی طرف سے منظوری دے دی گئی ہے، ان میں ریڈار سسٹم، ریڈیوز، خود کار آف لینڈنگ ریکارڈنگ نظام اور مختلف اقسام کا ایسا عسکری سامان شامل ہے، جو بھارتی فوج، فضائیہ اور بحریہ تینوں کے استعمال میں آئے گا۔بھارتی دارالحکومت سے موصولہ دیگر رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دفاعی ساز و سامان کی خریداری سے متعلق ان تجاویز کی منظوری اس شعبے کے بھارت الیکٹرانکس، ہندوستان ایروناٹکس اور زین ٹیک جیسے سرکردہ اداروں کے لیے کاروباری حوالے سے خاص طور پر اہم ثابت ہو گی۔ ڈیفنس ایکوئیزیشن کونسل نے ان تجاویز کی منظوری ایک ایسے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پیر کے روز دی، جس کی صدارت ملکی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کر رہے تھے۔





