ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 21 مارچ ہفتہ کو ہوگی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 21 مارچ ہفتہ کو ہوگی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
اسلام آباد: (ویب نیوز ) ملک بھر میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ ہوگی۔

شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد کے علاوہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقام سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، ملک میں عید الفطر 21 مارچ 2026ء بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔

خیال رہے کہ زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو مجموعی طور پر 6 شہادتیں موصول ہوئیں، ان میں سے 5 شہادتیں ٹیلیفون کے ذریعے دی گئیں جبکہ ایک شخص خود آ کر کمیٹی کے سامنے پیش ہوا، یہ تمام شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ارسال کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی مستند شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی، اور جتنی بھی اطلاعات ملیں وہ شرعی معیار پر پوری نہیں اتریں۔

مزید یہ کہ ملک کے کسی اور زونل کمیٹی کو بھی چاند نظر آنے کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔