Vitamin b12
بہتر صحت کیلئے وٹامن بی12 کا استعمال لازمی ہے

انسانی مجموعی صحت میں وٹامنز اور منرلز اہم کردار ادا کرتے ہیں جن کا بطور غذا یا سپلیمنٹس استعمال نہایت لازمی ہے، وٹامن بی 12 بھی صحت کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے جس کا خصوصی طور پر حاملہ خواتین اور بچوں  کو استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

ماہرین غذائیت و طبی ماہرین کے مطابق وٹامن بی 12 دماغی خلیات کی صحیح افزائش اور کارکردگی کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ وٹامن بی 12 ہر انسانی سیل میں موجود جینیاتی مواد اور خون کے لال خلیات کی تشکیل کے لیے بھی اہم جز ہے، وٹامن بی 12 کی کمی سے انسانی جسم نیند اور طاقت کی کمی کا شکار ہو جاتا ہے، اس کی کمی کے نتیجے میں  ہر وقت کی تھکاوٹ کا احساس بھی وجود میں آتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق وٹامن بی 12 انسانی جسم خود سے  پیدا نہیں کر سکتا، وٹامن بی 12 کی کمی دور کرنے کے لیے مندرجہ ذیل غذاؤں کا استعمال باآسانی کیا جا سکتا ہے ۔

بہتر صحت کیلئے وٹامن B12 کا استعمال لازمی ہے

مرغی کا گوشت

مرغی کا گوشت صرف پروٹین کے لیے ہی نہیں بلکہ وٹامن بی 12 کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے ، سردیوں میں چکن سوپ کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس سے گرمائش سمیت انسان کو مطلوبہ غذائیت بھی حاصل ہو جاتی ہے۔

پنیر

پنیر کی قسم سوئس اور کاٹیج دونوں ہی وٹامن بی 12 کی مقدار حاصل کرنے کے لیے نہایت موزوں ہیں، پنیر کی ان دونوں اقسام کو مختلف طریقوں سے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

ڈیری مصنوعات

دودھ سے بنی سب ہی مصنوعات میں وٹامن بی 12 بھر پور مقدار میں پایا جاتا ہے، دودھ کو غذا کا حصہ بنا لینے سے وٹامن بی 12 کی مقدار حاصل ہونے سمیت پیٹ سے متعلق متعدد شکایتوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

سمندری غذائیں

مچھلیوں کی سب ہی اقسام میں وٹامن بی 12 پایا جاتا ہے، ماہرین غذائیت کے مطابق ہفتے میں 2 سے 3 بار مچھلی کا استعمال لازمی قرار دیتے ہیں ۔

انڈہ

سُپر فوڈ کہلانے والا انڈہ جیب پر ہلکا، استعمال میں آسان اور صحت سے متعلق بے شمار فوائد کا حامل ہے، انڈوں کا بطور غذا استعمال کئی طرح سے کیا جا سکتا ہے جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔