مسلمان تمام انبیائے کرام ؑ پر ایمان رکھتے ہیں اور کسی کی گستاخی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران
فرانس کاصدر بے کاراور فضول بات کر تاہے،آزادی اظہار کا مطلب ہرگزیہ نہیں ہے کہ جس کے منہ میں جوآئے بول دیاجائے
لاہور( ویب ڈیسک ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ رسول اللہﷺ کی سیرت زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے۔ ہمارے نبی کریمﷺ نے یتیموں سے جو حسن سلوک کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ مسلمان تمام انبیائے کرام ؑ پر ایمان رکھتے ہیں اور کسی کی گستاخی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔فرانس کاصدر بے کاراور فضول بات کر تاہے،آزادی اظہار کا مطلب ہرگزیہ نہیں ہے کہ جس کے منہ میں جوآئے بول دیاجائے۔
وہ گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ”ہفتہ عشق رسول ﷺ“کی تقریبات کے سلسلے میں ایل ڈی اے ماڈل سکول علامہ اقبال ٹاو ¿ن میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ”ہفتہ عشق رسولﷺ “ کا مقصدنبی کریم سے محبت کو زندہ کرنا ہے ۔ نبی کریم ﷺ وہ ذات اور وہ عظیم شخصیت ہیں جن کی شان ہم پوری زندگی بھی بیان کرتے رہیں تو ان کی شان ختم نہیں ہوگی۔نبی کریم کی سیرت ہمارے لیے ایک مثال ہے ، ہر مسلمان اور ہر وہ فرد خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو اگر نبی پاک ﷺکی زندگی کو سمجھ جائے اور ان کی سیرت کو اپنا لے تو وہ ایک اعلیٰ ترین انسان بننے میں کامیاب ہو سکتا ہے ۔
اس موقع پرطلبہ و طالبات نے بارگاہ نبویﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیااور سیرت النبیﷺ کے موضوع پر تقریریںکیں۔ رسول اللہﷺ کی حیات طیبہ کے موضوع پر طلبہ و طالبات کے درمیان ذہنی آزمائش کا مقابلہ کوئز پروگرام بھی منعقد ہوا۔ وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے سیرت النبی ﷺکے بارے میں طلبہ و طالبات کی معلومات کی تعریف کی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے عثمان غنی ، ڈائریکٹر ایجوکیشن رانا غلام مرتضیٰ ،پرنسپل ملک اشفاق، طاہر اقبال اورطلبہ طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔٭