امریکہ کا پاکستان کو 76ویں یوم آزادی پر نیک خواہشات کا اظہار

امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے

پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لئے ہماری حمایت مضبوط ہے، وزیر خارجہ انٹونی بلنکن

گزشتہ سال پاک امریکہ تعلقات کی صحیح طاقت سامنے آئی، صحت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی میں تعاون جاری رہا، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

واشنگٹن/اسلام آباد(ویب  نیوز)

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستان کو 76ویں یوم آزادی کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ایک بیان میں امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے زیادہ خوشحال مستقبل کی تخلیق کے لئے امریکا اور پاکستان کی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے منتظر ہیں۔انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم تعاون کے نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں، جیسا کہ پاکستان انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے، ہم جامع اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لئے ہماری حمایت مضبوط ہے، ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے لئے عزم رکھتے ہیں جو ہماری شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی جاری رکھے گا۔دوسری جانب پاکستان کو جشنِ آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ گزشتہ سال پاک امریکہ تعلقات کی صحیح طاقت سامنے آئی، صحت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی میں تعاون جاری رہا۔ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں امریکی تعاون یقینی بنایا گیا، البتہ پاک امریکہ گرین الائنس میں پیش رفت کا منتظر ہوں جو نوکریوں اور صعنتوں کے لیے اہم ہوگا۔