اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ سمیت کئی شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، ناران، جھیل سیف الملوک، بابو سر ٹاپ اور گٹی داس میں بھی برفباری ہوئی۔ گلگت جانے والے تمام راستے بند ہو گئے، بٹہ کنڈی جلکھڈ سے علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں نے رنگ جمانا شروع کر دیا۔ بٹگرام میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ناران اور گرد ونواح میں برف باری کے بعد علاقے میں سفید غالیچے بچھے نظر آ رہے ہیں۔
بابوسر ٹاپ،لولو سر،جھیل سیف الملوک پر بھی برفباری ہوئی۔ ناران سے گلگت جانے والے تمام راستے مکمل بند ہیں۔ بٹہ کنڈی جلکھڈ سے علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔
موسم کا حال بتانےوالوں نے تین روز تک بارش و برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ادھر کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ چمن ، گلستان،قلعہ عبداللہ میں بھی سرما کی پہلی بارش نے انٹری ڈل دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر تک گلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور کوہستان سے ملحقہ علاقوں میں کل تک بارش اورپہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔
موسم کا حال بتانےوالوں کے مطابق آج شام سے پیر کی صبح تک اسلام آباد ،راولپنڈی ،سیالکوٹ اورلاہورمیں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اتوار کے روز مری اور گلیات کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔