کراچی (ویب ڈیسک)
پاکستان میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 2 روپے تک کا تگڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں 138 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 52 پیسے اضافے سے 159 روپے 83 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 2 روپے اضافے سے 160 روپے 30 پیسے میں فروخت ہوئی۔
ڈیلرز کے مطابق امپوٹرز کی جانب سے زیادہ ادائیگیاں ہونے کے باعث ڈالر کی طلب بڑھ گئی، یہی وجہ ہے کہ روپے کے مقابلے امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ میں حصص فروخت کرنے والوں کا پلڑا بھاری رہا۔ دوران ٹریڈنگ مارکیٹ 200 پوائنٹس سے زائد بھی گر گئی، مگر اختتام پر 100 انڈیکس 138 پوائنٹس کمی کے بعد 40 ہزار 514 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔