کراچی (ویب ڈیسک)
شہر قائد میں سردی کی لہر میں مزید شدت آگئی جب کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8.3 ریکارڈ ہوا۔
کراچی میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ کوئٹہ کی جانب سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ جب کہ ریئل فیل 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسمِ سرما کا کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سورج نے تین روز بعد اپنی جھلک دکھا دی۔ سورج کی کرنیں پڑنے سے دھند غائب لیکن شدید سردی کا تسلط بدستور قائم ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر لاہور شہر کا مطلع صاف رہنے کی نوید سنائی ہے۔ گزشتہ رات بھی دھند قدرے کم رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت دیگر علاقوں میں رات میں کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ جمعہ کے روز 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھوپ کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔