نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارت میں کسانوں کا احتجاج 26 ویں روز بھی جاری ہے، مظاہرین آج بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔
دلی اور ہریانہ کی سرحد سنگھو بارڈر پر پریس کانفرس کرتے ہوئے کسان یونین کے لیڈر جگجیت سنگھ نے کہا کہ ان کے کارکن 25 سے 27 دسمبر تک سارے ہریانہ میں ٹال وصولی نہیں کرنے دیں گے۔
یونین نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی کے پروگرام من کی بات کے دوران برتن بجائیں اور 23 دسمبر کو دوپہر کا کھانا نہ کھائیں۔ کسان رہنماوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو بدنام کرنا بند کرے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کسانوں کا احتجاج مودی کے لیے دردِ سر بن چکا ہے، مظاہرین کی جانب سے دلی کا گھیراؤ جاری ہے۔ لاکھوں کسان دلی کے اندر دھرنا دیئے ہوئے ہیں اور مزید لاکھوں دارالحکومت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ کسان رہنماوں کا موقف ہے کہ مودی بڑی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے زراعت کی نجکاری کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 26 نومبر سے جاری احتجاج کے دوران 25 کسان جان دے چکے ہیں۔