بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور مظاہرے
ٹرانسپورٹ معطل ، بازاد بند رہے ، انٹرنیٹ سروسز معطل، اضافی فوجی دستے تعینات،
سری نگر (ویب ڈیسک )مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں میں تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال رہی اوربھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر کے تین بے گناہ نوجوان شہید نوجوانوں زبیر احمد ، اعزاز مقبول گنا ئی اور اطہر مشتاق کو سری نگر کے نواحی علاقے میں بدھ کے روز قتل کر کے انہیں عسکریت پسند قرار دیا تھا ان کی لاشیں لواحقین کو نہیں دی گئیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال اور احتجاج کی اپیل کی تھی ۔کے پی آئی کے مطابق جمعہ کو سری نگر، پلوامہ ، شوپیاں ، اسلام آباد اور دوسرے اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ مظاہروں کو روکنے کے لیے اضافی فوجی دستے تعینات کیے گئے تھے تاہم شہریوں نے بھارتی پابندیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ جنوبی اضلاع شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں کاروبار زندگی معطل رہا۔ ٹرانسپورٹ معطل ، تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند تھے۔جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سری نگر میں بے درد ی سے قتل ہونے والے بے گناہ نوجوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ہڑتال کی ہے۔متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے متعدد نوجوانوں ، خواتین اور بچوں نے بیلو ، پٹریگام اور ترکوانگام کے مقامات پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔حکام نے دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز معطل کردی ہیں۔احتجاج کو روکنے کے لئے سری نگر کے لای پورہ ، ایچ ایم ٹی اور متعدد دیگر علاقوں میں اضافی فوجی دستے تعینات کیے گئے تھے ۔پلوامہ، ترال، نیوہ، مورن، رہمو، قوئل، لتر، ٹہاب، کاکہ پورہ، راجپورہ، کیلر اور دیگر علاقوں میں کاروباری و تجاری ادارے بند رہے اور مسافر گاڑیوں کی نقل و حرکت معطل ہوکر رہ گئی انٹر نیٹ سروس بند رہی