جسٹس (ر)عظمت سعید ایک منتخب حکومت کے خلاف سازش کا بہت بڑا حصہ تھے، مریم نواز
براڈ شیٹ کا معاملہ جب ہوا تھا اس وقت بھی وہ نیب کے ایک افسر تھے’انہیںعزت سے براڈشیٹ کمیشن سے دستبردار ہونا چاہیے،میڈیا سے گفتگو
لاہور(ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر)عظمت سعید ایک منتخب حکومت کے خلاف سازش کا بہت بڑا حصہ تھے، براڈ شیٹ کا معاملہ جب ہوا تھا اس وقت بھی وہ نیب کے ایک افسر تھے’انہیںعزت سے براڈشیٹ کمیشن سے دستبردار ہونا چاہیے۔کھوکھر پیلس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کی فہرست جاری ہوئی ہے، سب سے بڑی قبضہ مافیا تو جعلی حکومت اور اس کے سارے اے ٹی ایمز ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کی اصل مثال تو 2018 میں عوام کے ووٹوں پر قبضہ کرکے وزیر اعظم ہاوس میں بیٹھنے والے ہیں جنہوں نے اداروں کو تباہ کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں کبھی اتنے بڑے کرپشن اسکینڈلز سامنے نہیں آئے جتنے اس حکومت کے سامنے آرہے ہیں، اداروں کو کتنا بھی دباو میں لے آئیں مگر ایک دن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘کھوکھر برادران کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہوئی، میاں نواز شریف کے کہنے پر ان سے ملنے آئی ہوں، عدالت کے حکم امتناع کے باوجود ان کے گھر گرائے گئے’۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود اس آپریشن کی نگرانی کی، مسلم لیگ (ن)کے دیگر اراکین اسمبلی کی طرح انہیں بھی دبا میں لانے کی کوشش کی گئی تاہم کھوکھر برادران نے انکار کیا تو ان کے خلاف آپریشن کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 4 سال کے جبر، ظلم اور انتقام کے باوجود مسلم لیگ (ن)متحد کھڑی ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ‘تحریک انصاف ون مین شو پارٹی ہے اور جب عمران خان کمزور ہوگا تو یہ پارٹی ٹوٹ کر بکھر جائے گی’۔انہوں نے دعوی کیا کہ ‘عمران خان کمزور ہورہا ہے اور آئندہ انتخابات میں کوئی بھی تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہوگا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آگے حالات جو آرہے ہیں اس میں انہیں اپنی پارٹی پر توجہ دینی چاہیے، انہوں نے 4 سال ہتھکنڈے استعمال کرلیے مگر مسلم لیگ(ن)اپنی جگہ پر موجود ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘میرے جس بھی رکن پر زیادتی ہوگی میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گی’۔