حکومت اور ملازمین میں معاملات طے، معاہدہ جاری
6نکاتی معاہدے پر وزراء اور ملازمین کے قائدین نے دستخط کردئیے
حکومت قانونی کارروائی سے دستبردار،گرفتار ملازمین رہا
اسلام آباد(ویب نیوز)سرکاری ملازمین اور وفاقی حکومت میں معاملات طے پاگئے ،6 نکاتی معاہدے پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، ملازمین کے گرینڈ الائنس کے قائدین اسلام الدین، رحمان باجوہ، حبیب الرحمن، امان اللہ خان، رانا اقبال ن، چوہدری محمد سرفراز، سمیع اللہ خلیل نے دستخط کردئیے ہیں۔ گرفتار ملازمین کو رہا کردیا گیا، مقدمات کی واپسی کے احکامات جاری کردئیے گئے، تشدد پر حکومت نے معذرت کرلی۔حکومتی خصوصی مذاکراتی کمیٹی کے طے پانے والے معاہدے میں طے شدہ نکات سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیاہے ۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین کے گریڈ 1 سے 19 تک کی تنخواہوں میں 25فیصد ایڈہاک کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ فنانس ڈویژن کے مطابق 25 فیصد ایڈہاک ریلیف کا اطلاق 2017 کی بنیادی تنخواہ پر ہوگا جو ملازمین پہلے ہی اپنی بنیادی تنخواہ کے 100فیصد کے برابر اضافی تنخواہ لے رہے ہیں ان پر ایڈہاک ریلیف کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ وفاقی ملازمین کے گریڈ1 سے 16 تک آسامیاں خیبرپختونخوا حکومت کی طرز پر رواں سال یکم مارچ سے اپ گریڈ ہوگی اگلے بجٹ میں ٹائم اسکیل پروموشن کا بھی جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ موجودہ ایڈہاک ریلیف رواں سال جولائی کی بنیادی تنخواہ میں بھی شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صوبوں کو انکے اپنے وسائل سے موجودہ سفارشات پر عملدرآمدکرنے کا کہا جائے گا۔موجودہ سفارشات کی سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو پیش کی جائے گی۔ ملازمین پر قائم مقدمات خارج کردئیے جائیں گے اور حکومت ریڈیو پاکستان کے ملازمین کیخلاف قانونی کارروائی سے بھی دستبردار ہوجائے گی۔ معاہدہ 11فروری 2021 کو طے پایا ہے۔