لاہور (ویب ڈیسک)
زراعت تباہ اور کسان کنگال بن چکے حکومت کسانوں کے مطالبات مان لے وگرنہ زرعی اور ملکی معیشت تباہ ہو جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار کسان بورڈ پاکستان کے صدر چوہدری شوکت علی چدھڑ نے لاہور کے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکسان بورڈ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت حاجی محمد رمضان،کسان بورڈ لاہور ڈویژن کے صدر میاں رشید منہا لہ اور میاں محمد الیاس بھی موجود تھے۔چوہدری شوکت چدھڑ نے کہا کہ کسان دوست زرعی پالیسی بنانے اور آئندہ بجٹ کیلیے تجاویز دینے کیلیے آج مورخہ دو مارچ بروز منگل صبح گیارہ بجے الحمرا ھال 2 لاہور میں ایک عظیم الشان کسان کنونشن منعقد ہو گا جس میں زرعی ماہرین،زرعی سائنسدان اور ترقی پسند کسان شامل ہونگے ۔اس کنونشن میں صوبہ پنجاب کے تین صوبائی وزیر وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی،وزیر آبپاشی محمد محسن خاں لغاری اور وزیر واشتمال اراضی سید صمصام علی شاہ بخاری بھی شریک ہونگے اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ بھی خصوصی خطاب کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شوگر ملوں کی زیادتیاں روکنے کیلیے اس سال موجودہ حکومت نے کسان بورڈ کے مطالبہ پر بہترین آرڈینس نافذ کیا جس کی مدت ختم ہونے کو ہے حکومت اس کو قانون کا درجہ دے ۔ اجناس کی قیمتیں تاریخ میں سب سے کم تریں سطح پر ہیں جب کہ تیل ،بجلی،کھاد،مشینری ،زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے اور وعدے کے باوجود زرعی ٹیوب ویلوں کیلیے بجلی سستی کرکے فلیٹ ریٹ ابھی تک مقرر نہیں کیا۔کسانوں کو تھانہ اور پٹوار کلچر سے نجات دلائے۔پنجاب بھرسے ہزاروں کسانوں اس کنونشن میں شرکت کرکے آئندہ بجٹ کیلیے اپنی تجاویز بھی دیں گے
#/S